پاکستان : پی ٹی آئی نے مقبوضہ کشمیر کے انتخابات کو مسترد کردیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-07-2026
پاکستان : پی ٹی آئی نے مقبوضہ کشمیر کے انتخابات کو مسترد کردیا
پاکستان : پی ٹی آئی نے مقبوضہ کشمیر کے انتخابات کو مسترد کردیا

 



مظفرآباد۔ پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں حالیہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے انتخابی عمل کو "دھاندلی پر مبنی" قرار دیا ہے۔ جماعت نے خطے میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات پر بھی شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال عالمی برادری کے سامنے ایک منفی پیغام دے رہی ہے۔ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق پیر سے راولاکوٹ۔ میرپور اور دیگر علاقوں سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ سماجی ذرائع ابلاغ پر گردش کرنے والی متعدد ویڈیوز میں کشیدگی اور پرتشدد مناظر دکھائے گئے ہیں تاہم ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی دونوں نے اپنے اپنے کارکنوں کی ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ہے۔

منگل کو پاکستان انسانی حقوق کمیشن اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے مبینہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی غیر جانبدار اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم سردار قیوم نیازی نے الزام لگایا کہ کشمیر کے عوام کو غیر معمولی جبر اور تشدد کا سامنا ہے۔نیازی نے کہا کہ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کی بات نہیں سنی جارہی تو انہوں نے 9 جون کو احتجاج کا اعلان کیا۔ ان کے بقول مظاہرین پرامن تھے اور آج بھی پرامن ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وہاں سیکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار گولی یا لاٹھی لگنے سے ہلاک ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین گولیاں کھا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود پرامن انداز میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے تین مرحلوں میں انتخابات کرانے کے فیصلے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی آبادی صرف 35 سے 40 لاکھ کے درمیان ہے جبکہ 25 کروڑ آبادی والا پاکستان ایک ہی مرحلے میں انتخابات کراتا ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ پھر یہاں تین مرحلوں میں انتخابات کرانے کی ضرورت کیوں پیش آئی اور کشمیر میں کس منصوبے پر عمل کیا جارہا ہے۔

سردار قیوم نیازی نے مزید الزام عائد کیا کہ کشمیر میں مظاہرین کو قتل کیا جارہا ہے اور ان کی لاشیں غائب کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں وہ کشمیری وفود کو دنیا بھر میں بھیجتے تھے اور اقوام متحدہ سمیت برطانیہ کی پارلیمنٹ کے باہر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرتے تھے لیکن آج موجودہ صورتحال کی وجہ سے انہیں دنیا کے سامنے جانے میں دشواری محسوس ہورہی ہے۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا۔سردار قیوم نیازی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات کا بائیکاٹ اس لیے کیا کیونکہ جماعت کے نزدیک یہ انتخابی عمل متنازع اور پہلے سے طے شدہ تھا۔ان کے مطابق پہلے ہی یہ فیصلہ کیا جاچکا تھا کہ حکومت پاکستان مسلم لیگ نون کے حوالے کی جائے گی اور موجودہ سیاسی نظام جوں کا توں برقرار رکھا جائے گا۔نوٹ۔ اس خبر میں شامل الزامات اور دعوے پاکستان تحریک انصاف اور دیگر متعلقہ فریقوں کے بیانات پر مبنی ہیں۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔