پاکستان کے فضائی حملے میں شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا: افغانستان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-03-2026
پاکستان کے فضائی حملے میں شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا: افغانستان
پاکستان کے فضائی حملے میں شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا: افغانستان

 



کابل
طالبان حکومت افغانستان نے جمعہ کی صبح پاکستان کی فوج پر الزام عائد کیا کہ اس نے کابل اور جنوبی صوبے قندھار میں رات بھر جاری رہنے والے فضائی حملوں کے دوران شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا۔ طالبان حکومت کے مطابق ان حملوں میں کم از کم چار عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
عالمی سطح پر تحمل اختیار کرنے کی اپیلوں کے باوجود دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان جھڑپوں کا یہ تیسرا ہفتہ ہے۔طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ پاکستان کے طیاروں نے قندھار ہوائی اڈے کے قریب واقع نجی ایئر لائن کام ایئر کے ایندھن ڈپو پر بھی حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کمپنی شہری طیاروں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے طیاروں کو بھی ایندھن فراہم کرتی ہے۔پاکستان کی فوج یا حکومت کی طرف سے اس خبر پر فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
فروری کے آخر سے ہی پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ افغانستان کا کہنا تھا کہ اس نے سرحد پر پاکستان کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ دوسری طرف پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیوں میں سرحدی علاقوں میں موجود تحریک طالبان پاکستان اور ان کے حمایتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ افغانستان نے ان گروہوں کو باضابطہ طور پر کبھی تسلیم نہیں کیا ہے۔
دونوں جانب سے ایک دوسرے کو بھاری نقصان پہنچانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں اور یہ جھڑپیں گزشتہ کئی برسوں میں ہونے والی سب سے مہلک لڑائی بن گئی ہیں۔ پاکستان اسے افغانستان کے ساتھ “کھلی جنگ” قرار دے رہا ہے۔
ایکس پر اپنی پوسٹ میں ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی حملوں میں افغانستان کے صوبوں پکتیا اور پکتیکا سمیت دیگر علاقوں میں متعدد شہری مقامات اور خالی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کے مطابق کابل میں بچوں سمیت کم از کم چار شہری ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔پورے افغانستان میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی مجموعی تعداد ابھی واضح نہیں ہو سکی ہے۔
پاکستان کی جانب سے کیے گئے یہ تازہ حملے اس وقت ہوئے جب چین کے خصوصی ایلچی یو شیاویونگ کابل کے دورے کے بعد اسلام آباد پہنچے اور اپنے پاکستانی ہم منصب محمد صادق سے ملاقات کی۔کابل کے دورے کے دوران یو شیاویونگ نے افغان حکومت کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی تھی۔
افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق نے حملوں سے ایک دن پہلے ایکس پر لکھا تھا کہ انہوں نے اور یو شیاویونگ نے تحریک طالبان پاکستان اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ جیسے دہشت گرد گروہوں کی جانب سے بالترتیب پاکستان اور چین کو لاحق خطرات پر تبادلۂ خیال کیا اور خطے میں مستقل امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔