پاکستان کو جدید امریکی فضائی میزائل کے لیے ہری جھنڈی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2025
پاکستان کو جدید امریکی فضائی میزائل  کے لیے  ہری جھنڈی
پاکستان کو جدید امریکی فضائی میزائل کے لیے ہری جھنڈی

 



واشنگٹن ڈی سی : امریکی محکمہ جنگ نے ستمبر کے آخر میں جاری کردہ ایک پریس بیان میں اعلان کیا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہیں امریکی کمپنی ریتھیون کے تیار کردہ جدید درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے فضائی میزائل(Advanced Medium Range Air-to-Air Missiles) فراہم کیے جائیں گے۔30 ستمبر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق امریکی محکمہ جنگ نے ریتھیون کمپنی کو اضافی 4 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کا ٹھیکہ دیا ہے جس کے نتیجے میں اس معاہدے کی مجموعی مالیت 2.5 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

یہ معاہدہ ایڈوانس میڈیم رینج ایئر ٹو ایئر میزائلز کےC8 اورD3 ماڈلز کی تیاری سے متعلق ہے۔امریکی محکمہ جنگ کے مطابق یہ کام ایریزونا کے شہر ٹکسن میں انجام دیا جائے گا اور اسے 30 مئی 2030 تک مکمل کر لیا جائے گا۔اس منصوبے میں غیر ملکی عسکری فروخت(Foreign Military Sales) شامل ہیں جن میں پاکستان کے علاوہ برطانیہ، جرمنی، اسرائیل، آسٹریلیا، قطر، عمان، سنگاپور، جاپان، کینیڈا، بحرین، سعودی عرب، اٹلی، کویت اور ترکی بھی شامل ہیں۔

سرکاری بیان میں کہا گیا کہ ’’ریتھیون کمپنی، ٹکسن، ایریزونا کو 4 کروڑ 16 لاکھ 81 ہزار 329 امریکی ڈالر کی فِرم فکسڈ پرائس ترمیم کے ساتھ ایک سابقہ معاہدے میں شامل کیا گیا ہے تاکہ ایڈوانس میڈیم رینج ایئر ٹو ایئر میزائلز کےC8 اورD3 ماڈلز تیار کیے جا سکیں۔ اس ترمیم کے بعد معاہدے کی کل مالیت 2 ارب 51 کروڑ 23 لاکھ 89 ہزار 558 امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔ کام ٹکسن، ایریزونا میں انجام پائے گا اور 30 مئی 2030 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ یہ معاہدہ برطانیہ، پولینڈ، پاکستان، جرمنی، فن لینڈ سمیت دیگر ممالک کے لیے غیر ملکی عسکری فروخت سے متعلق ہے۔‘‘

روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق یہ امریکی میزائل پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) کے ایف 16 طیاروں پر نصب کیے جائیں گے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مئی 7 کے ای ایم آر اے اے ایم(AMRAAM) معاہدے میں پاکستان کا نام خریدار ممالک کی فہرست میں شامل نہیں تھا۔

ڈان نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے اس سے قبل جنوری 2007 میں 700 ای ایم آر اے اے ایم میزائل خریدے تھے جو اس وقت اس ہتھیار کے لیے سب سے بڑا بین الاقوامی آرڈر تھا۔ای ایم آر اے اے ایم میزائلوں کے اس اعلان سے کچھ ہی عرصہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ستمبر میں ملاقات کی تھی۔