پاکستان: سینیٹ میں انٹرنیٹ خرابی اور ٹیلی کام تنصیبات میں گراوٹ پر تشویش

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-06-2026
پاکستان: سینیٹ میں انٹرنیٹ خرابی اور ٹیلی کام تنصیبات میں  گراوٹ پر تشویش
پاکستان: سینیٹ میں انٹرنیٹ خرابی اور ٹیلی کام تنصیبات میں گراوٹ پر تشویش

 



اسلام آباد
 پاکستان کی سینیٹ کی ایک ذیلی کمیٹی نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کے معیار میں مسلسل گراوٹ اور ٹیلی کام تنصیبات سے ایندھن کی چوری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ 11 ماہ کے دوران چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات کے باعث ملک کے تقریباً 16 فیصد سیلولر انفراسٹرکچر متاثر ہوا ہے۔
پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی کو بتایا گیا کہ گزشتہ 11 ماہ میں چوری اور تخریب کاری کے 9,200 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، جن سے ملک کے تقریباً 16 فیصد موبائل مواصلاتی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، جہاں 31 اضلاع میں ایندھن چوری کے 3,938 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس کے بعد پنجاب میں 38 اضلاع میں 2,827 واقعات سامنے آئے۔ خیبر پختونخوا میں 25 اضلاع میں 1,668 جبکہ بلوچستان میں 26 اضلاع میں 716 واقعات رپورٹ کیے گئے۔
بریفنگ کے دوران پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام نے بتایا کہ مسلسل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مواصلاتی خدمات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ بجلی کی طویل بندش سے بیک اپ بیٹریاں تیزی سے ختم ہو جاتی ہیں جبکہ مقامی جنریٹرز بھی جواب دے جاتے ہیں، جس سے سروس کا تسلسل برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے اس مسئلے کے طویل المدتی حل کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور پاور ڈویژن کے ساتھ رابطہ کیا ہے تاکہ اہم ٹیلی کام مراکز کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجلی فراہم کی جا سکے اور اسمارٹ ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا عمل تیز کیا جا سکے۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ذیلی کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ چوری کے زیادہ متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کی جائے اور ضلعی و صوبائی انتظامیہ ایسی شکایات پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے۔
کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ انٹرنیٹ تک رسائی کو بنیادی اور ضروری خدمات میں شامل کیا جانا چاہیے۔ اسی لیے تمام ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایندھن چوری روکنے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کریں تاکہ ملک میں رابطے اور مواصلاتی خدمات بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ماضی میں بھی قدرتی آفات اور سیاسی وجوہات کی بنا پر انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے اور اس کی رفتار محدود کیے جانے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔شدید بارشوں کے دوران بھی کئی بڑے شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے، براؤزنگ میں مشکلات، کنکشن منقطع ہونے اور آن لائن خدمات متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں۔
گزشتہ سال اگست میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی پاکستانی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ انٹرنیٹ بند کرنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے عوام کی نقل و حرکت اور بروقت معلومات تک رسائی متاثر ہوتی ہے۔ تنظیم نے خاص طور پر بلوچستان میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران انٹرنیٹ پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔