اسلام آباد/ آواز دی وائس
پاکستان اس وقت عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مشرقِ وسطیٰ ریجن میں انسانی مدافعتی وائرس (ایچ آئی وی) کی تیزی سے پھیلنے والی وباؤں میں سے ایک کا سامنا کر رہا ہے، جہاں گزشتہ 15 برسوں میں نئے متاثرین کی تعداد 200 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ 2010 میں 16 ہزار سے بڑھ کر 2024 میں 48 ہزار تک جس کی رپورٹ ڈان میں شائع ہوئی۔
یہ معلومات عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یو این ایڈز کی جانب سے ورلڈ ایڈز ڈے کے موقع پر منعقدہ واک کے شرکاء کے ساتھ شیئر کی گئیں۔ ماضی میں ایچ آئی وی زیادہ تر مخصوص ہائی رسک گروپس تک محدود تھا، مگر اب بچے، شریکِ حیات اور عام آبادی بھی متاثر ہو رہی ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں غیر محفوظ خون کے لین دین اور انجیکشن کا استعمال، انفیکشن کنٹرول میں کمزوریاں، دورانِ حمل ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کی کمی، غیر محفوظ جنسی تعلقات، سماجی بدنامی، اور ایچ آئی وی کی سہولتوں تک محدود رسائی شامل ہیں۔ رکاوٹوں پر قابو ایڈز کے انسداد میں تبدیلی" کے موضوع کے تحت ڈبلیو ایچ او اور یو این ایڈز نے پاکستان کی وزارتِ صحت کے ساتھ مل کر دن منایا۔
وزارتِ صحت کی ڈائریکٹر جنرل عائشہ عسانی نے ڈان کے مطابق کہا کہ تعصب، بدنامی اور اس بیماری کا مقابلہ ہم اکیلے نہیں کر سکتے۔ اس کے لیے کمیونٹیز اور صحت کے ریگولیٹری اداروں کی شمولیت ضروری ہے۔ غیر محفوظ انجیکشن اور خون کی منتقلی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں درکار ہیں۔ تعلیم بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اور معالجین کی شمولیت بھی ضروری ہے۔ مل کر ہی ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں اور پاکستان کے بچوں اور بڑوں کے لیے ایک صحت مند، ایچ آئی وی سے پاک مستقبل یقینی بنا سکتے ہیں۔
تخمینوں کے مطابق پاکستان میں 3 لاکھ 50 ہزار افراد ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، مگر ان میں سے تقریباً 80 فیصد اپنے مرض سے لاعلم ہیں۔ بچے بھی تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں2010 میں 0 سے 14 سال کی عمر کے 530 بچوں میں نئے کیس سامنے آئے تھے، جو 2023 میں بڑھ کر 1,800 ہو گئے۔
گزشتہ دس برسوں میں پاکستان میں اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی حاصل کرنے والے مریضوں کی تعداد میں آٹھ گنا اضافہ ہوا 2013 میں تقریباً 6,500 سے بڑھ کر 2024 میں 55,500 تک جو حکومت، اقوامِ متحدہ اور شراکت دار اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی کے مراکز بھی 2010 میں 13 سے بڑھ کر 2025 میں 95 تک پہنچ گئے۔ اس پیش رفت کے باوجود 2024 میں ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزارنے والے صرف 21 فیصد افراد اپنی بیماری سے آگاہ تھے؛ ان میں سے 16 فیصد علاج پر تھے اور محض 7 فیصد میں وائرل لوڈ کنٹرول ہوا تھا۔ 2024 میں ایڈس سے متعلق ہلاکتوں کی تعداد 1,100 سے زائد رہی۔
ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر لُو داپینگ نے ڈان کے مطابق کہا کہ نئے کیسز میں اضافہ اور حالیہ وہ پھیلاؤ جنہوں نے خاص طور پر بچوں کو متاثر کیا، اس بات کی سخت یاد دہانی ہے کہ پاکستان کے حال اور مستقبل کو ایڈز سے محفوظ بنانے کے لیے قومی و بین الاقوامی وسائل اور مشترکہ کوششوں کی فوری ضرورت ہے۔ ڈبلیو ایچ او پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا تاکہ کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے۔
پاکستان میں متعدد مقامات جیسے شہید بے نظیر آباد، حیدرآباد، نوشہرو فیروز، پٹھان کالونی (2025)، تونسہ (2024), میرپور خاص (2024), جیکب آباد، اور شکارپور (2023)، نیز لاڑکانہ (2019) میں بچوں کو غیر محفوظ انجیکشن اور خون کی منتقلی کے باعث ایچ آئی وی سے متاثر ہونا پڑا۔ ان میں سے کئی پھیلاؤ میں 80 فیصد سے زائد مریض بچے تھے۔ ایچ آئی وی سے متاثر حاملہ خواتین میں سے صرف 14 فیصد کو وہ علاج فراہم ہوتا ہے جو ماں سے بچے میں وائرس منتقل ہونے سے روکنے کے لیے ضروری ہے، جس سے ہزاروں بچے خطرے میں رہ جاتے ہیں۔ 0 تا 14 سال کے متاثرہ بچوں میں سے بھی صرف 38 فیصد علاج لے رہے ہیں۔