مذاکرات کی ناکامی کے بعد افغانستان کے ساتھ تعلقات 'تعطل' کا شکار ہیں: پاکستان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-11-2025
مذاکرات کی ناکامی کے بعد افغانستان کے ساتھ تعلقات 'تعطل' کا شکار ہیں: پاکستان
مذاکرات کی ناکامی کے بعد افغانستان کے ساتھ تعلقات 'تعطل' کا شکار ہیں: پاکستان

 



اسلام آباد/ آواز دی وائس
پاکستان نے جمعہ کے روز تصدیق کی کہ افغانستان کے ساتھ اس کے تعلقات اس وقت ’’تعطل‘‘ کا شکار ہیں، کیونکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے حوالے سے ہونے والے تین دور کے مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوئے۔ 7 نومبر کو استنبول میں ہونے والا تیسرا دور بھی بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوا، جبکہ پاکستان کا بنیادی اعتراض یہ ہے کہ مبینہ طور پر افغان سرزمین کو اس کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرا بی نے جب دونوں ممالک کے موجودہ تعلقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ تعلقات کی کیفیت بیان کرنے کے لیے الفاظ کے انتخاب میں "بہت محتاط" رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اسے تعطل کہہ سکتے ہیں۔ آپ یہ الفاظ استعمال کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کرنے کے لیے پابندِ عہد ہے۔ پاکستان کے بنیادی سیکیورٹی خدشے کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے پھیلنے والی دہشت گردی اب بھی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جان لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہری اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بدقسمتی سے افغان شہریوں کے ہاتھوں قتل ہو رہے ہیں… ایسی صورتحال میں ہمارے پاس کیا راستہ رہ جاتا ہے؟ ہم پاکستانیوں کی جانوں کے ضیاع سے آنکھیں بند نہیں کر سکتے، خصوصاً جب یہ حملے افغان شہریوں اور ان کے ٹی ٹی پی اور فتنۂ خوارج عناصر کے ذریعے ہو رہے ہوں۔ اندرا بی نے کہا کہ وہ یہ تصدیق نہیں کرسکتے کہ پاکستان۔افغانستان سرحد پر فائر بندی قائم ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک طویل سرحد ہے۔ یہاں وہاں واقعات کی اطلاعات آتی رہتی ہیں، اس لیے صورتحال پیچیدہ ہے۔ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ فائربندی برقرار ہے یا نہیں، لیکن صورتحال مشکل ضرور ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت اور رابطوں کا مضبوط حامی ہے اور اسی سوچ کے تحت اس نے افغانستان کو کئی تجارتی مراعات فراہم کیں۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ہماری مثبت کوششوں کا جواب افغان طالبان انتظامیہ کی جانب سے نہیں دیا گیا، جو اب بھی ان عناصر کو پناہ اور مدد فراہم کر رہی ہے جو افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت اور ٹرانزٹ تبھی ممکن ہے جب افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین سے پاکستان مخالف عناصر کے خلاف واضح اقدامات کرے۔ انسانی جان کی قیمت کسی بھی تجارت سے بڑھ کر ہے، اور یہی ہمارا مؤقف ہے۔ غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کے جاری عمل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ منظم انداز میں جاری ہے اور افراد کو سرحد تک منتقل کر کے واپس بھیجا جا رہا ہے۔ ترک وفد کے پاکستان آنے سے متعلق سوال پر، جو افغانستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں مدد کے لیے آ رہا ہے، ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام ترک صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے اعلان کردہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ترکی کے برادر عوام کی خلوص نیت سے کی گئی کوششوں کی گہرائی سے قدر کرتے ہیں۔ مزید تفصیلات پر کام جاری ہے۔ اندرا بی نے کہا کہ پاکستان ایران یا روس کی جانب سے کسی بھی مصالحتی کردار کا خیر مقدم کرے گا، کیونکہ اسلام آباد سفارتکاری کے ذریعے پرامن حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے برادر ملک ایران کی جانب سے پیش کی جانے والی مصالحت کی پیشکش کی قدر کرتے ہیں… روس کا کوئی کردار بھی خوش آئند ہوگا کیونکہ روس خطے میں مثبت اثر رکھتا ہے۔ غزہ کے لیے مجوزہ بین الاقوامی استحکام فورس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان مذاکرات میں شریک ہے اور سلامتی کونسل کے فیصلے کا انتظار کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورس میں شامل ہونے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ اعلیٰ سطح پر، بشمول پارلیمنٹ، کیا جائے گا۔