پاکستان :بجلی کے بحران نے سندھ کے تعلیمی دفاتر مفلوج

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
پاکستان :بجلی کے بحران نے سندھ کے تعلیمی دفاتر مفلوج
پاکستان :بجلی کے بحران نے سندھ کے تعلیمی دفاتر مفلوج

 



کراچی:پاکستان کے صوبہ سندھ میں مسلسل بجلی کی بندش نے محکمہ تعلیم کے کئی اہم دفاتر کو تقریباً تین ہفتوں سے مفلوج کر دیا ہے، جس کے باعث انتظامی امور، آن لائن خدمات اور عوامی کام بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ تمام بجلی کے بل ادا کیے جا چکے ہیں، اس کے باوجود مسئلہ برقرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز سندھ، ریجنل ڈائریکٹوریٹ گورنمنٹ کالجز سندھ اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز کراچی کے دفاتر اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث روزمرہ کے سرکاری امور تقریباً ٹھپ ہو گئے ہیں۔بجلی کی بندش کی وجہ سے نجی اسکولوں کی آن لائن رجسٹریشن، کمپیوٹرائزڈ اسناد کا اجرا، شکایات کے ازالے کا نظام اور سرکاری کالجوں میں داخلوں سے متعلق کام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

حکام کے مطابق بار بار بجلی جانے سے کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور پرنٹنگ کی سہولت طویل وقت تک بند رہتی ہے، جس کی وجہ سے ضروری سرکاری خدمات کی انجام دہی ممکن نہیں ہو پا رہی۔نجی تعلیمی اداروں کی جانچ اور رجسٹریشن کے دفتر میں صورتحال زیادہ سنگین ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک اور پھر شام 4 بجے کے بعد بجلی غائب رہتی ہے، جس کے باعث آٹھ گھنٹے کے دفتری وقت میں صرف تین سے چار گھنٹے ہی بجلی دستیاب ہوتی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر انسپیکشن نے کہا کہ مسلسل بجلی کی بندش نے محکمہ کی ڈیجیٹل خدمات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق تمام بقایاجات ادا کیے جا چکے ہیں اور کے الیکٹرک سے متعدد بار شکایات اور سرکاری خطوط کے ذریعے رابطہ بھی کیا گیا، لیکن صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔اس بحران کے باعث سندھ بھر کے سرکاری کالجوں میں داخلوں کا عمل بھی متاثر ہوا ہے۔ اساتذہ، طلبہ، والدین، اسکول مالکان اور پرنسپلز کو داخلوں، رجسٹریشن اور دیگر سرکاری کاموں کے لیے دفاتر کے بار بار چکر لگانے پڑ رہے ہیں، جبکہ بہت سے افراد مطلوبہ خدمات حاصل کیے بغیر واپس جانے پر مجبور ہیں۔

حکام نے بتایا کہ دفتر کی تینوں منزلیں بجلی کی بندش سے متاثر ہیں۔ پنکھے اور ایئر کنڈیشنر بند ہونے کے باعث دفاتر میں شدید گرمی ہے، جس کی وجہ سے ملازمین کو بعض اوقات کھلی جگہوں پر بیٹھ کر اپنے فرائض انجام دینے پڑ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس صورتحال نے نہ صرف دفتری کارکردگی بلکہ عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔