اسلام آباد: پاکستان میں بگڑتا ہوا غذائی بحران کمزور پالیسی ہم آہنگی اور حکومت کے غیر مستقل اقدامات کے باعث مزید سنگین ہو رہا ہے۔ ماہرین نے ایک کانفرنس میں کہا کہ ان حالات نے نجی شعبے کی اس صلاحیت کو محدود کردیا ہے کہ وہ خوراک اور غذائیت کی صورتحال بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔ یہ بات ڈان کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ڈان کے مطابق ’’ایکشن فار نیوٹریشن: دی ایمرجنسی وی کین نو لانگر اگنور‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کے دوران ’’نجی سرمایہ کاری اور شراکت داری کو متحرک کرنا‘‘ کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکا نے حکومت کاروباری اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا تاکہ غذائی قلت کے مسئلے سے نمٹا جاسکے۔
ٹیٹرا پیک کے کارپوریٹ امور کے ڈائریکٹر نور آفتاب نے کہا کہ خوراک کے نظام کو بنیادی ڈھانچے کا لازمی حصہ سمجھا جانا چاہیے کیونکہ اس کا براہ راست اثر عوامی صحت کے ساتھ ساتھ مجموعی معیشت پر بھی پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بڑے دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہونے کے باوجود محفوظ دودھ اور اس کی جراثیم کشی سے متعلق مؤثر قانون سازی سے محروم ہے۔نور آفتاب نے پیک شدہ دودھ پر عائد 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس پر بھی تنقید کی اور اسے عالمی سطح پر غیر معمولی حد تک زیادہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دودھ اور ڈیری کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کے بڑے پیمانے پر ہونے کے بعد یہ اضافی ٹیکس بوجھ عائد کیا گیا ہے۔
انہوں نے 104 ممالک میں جاری اسکولی دودھ پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی ان تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔کانفرنس میں بنگلہ دیش کے تجربے کو بھی پیش کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غذائیت پر سرمایہ کاری معاشی فوائد کا باعث بن سکتی ہے۔رضا سومون نے بتایا کہ سرکاری شعبے کے ملازمین میں خون کی کمی کی شرح 51.9 فیصد سے کم ہوکر 32 فیصد رہ گئی۔ یہ بہتری غذائیت سے بھرپور غذاؤں اور آئرن کے ساتھ فولک ایسڈ کی اضافی خوراک پر مشتمل اقدامات کے بعد سامنے آئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد نجی کمپنیوں نے کام کی جگہوں پر غذائیت بہتر بنانے کے لیے 1 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ ملازمین کی غیر حاضری کی شرح بھی مبینہ طور پر 70 فیصد سے کم ہوکر 40 فیصد رہ گئی۔زراعت کے مشیر حسن خرم حنیف نے کہا کہ پاکستان کے کسانوں کو غذائیت سے بھرپور فصلیں پیدا کرنے کے لیے زیادہ مضبوط منڈی اور مالی مراعات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انگلش بسکٹ مینوفیکچررز کی عطیہ انعام خان نے بھی ماؤں کے لیے غذائیت سے بھرپور بسکٹ فراہم کرنے کے پانچ سالہ منصوبے کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق اس پروگرام میں شامل خواتین میں آئرن کی سطح میں بہتری دیکھی گئی جبکہ ان کے بچوں کی ذہنی نشوونما بھی بہتر ہوئی۔
شرکا نے خبردار کیا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان میں غذائیت کے شعبے میں مختلف محکموں اور شعبوں کو شامل کرنے والے تقریباً کوئی نئے پروگرام شروع نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق اس عرصے میں نمایاں پروگراموں میں بینظیر نشونما پروگرام ہی شامل ہے۔