افغانستان پر حملہ کے لئے پاکستان ذمہ دار: طالبان کا الزام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-08-2025
افغانستان پر حملہ کے لئے پاکستان ذمہ دار: طالبان کا الزام
افغانستان پر حملہ کے لئے پاکستان ذمہ دار: طالبان کا الزام

 



اسلام آباد: افغانستان کی طالبان حکومت نے ہمسایہ ملک پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ اس نے دو مشرقی صوبوں میں فضائی حملے کیے جن میں کم از کم تین افراد ہلاک، سات زخمی اور کئی مکانات تباہ ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بھی ان حملوں میں جانی نقصان کی تصدیق کی ہے۔

کابل میں وزارتِ خارجہ نے بدھ کی رات ننگرہار اور خوست صوبوں میں ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور اسے پاکستان کی جانب سے ایک اشتعال انگیز اقدام قرار دیا۔ وزارت نے جمعرات کو کابل میں پاکستانی سفیر کو طلب بھی کیا۔ افغانستان کی وزارتِ دفاع نے بھی ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا: اس قسم کی وحشیانہ اور ظالمانہ کارروائیوں سے کسی بھی فریق کو فائدہ نہیں ہوتا بلکہ یہ دونوں مسلمان ممالک کے درمیان دوریاں پیدا کرتی ہیں اور نفرت کو بڑھاتی ہیں۔

ان غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ پاکستانی حکومت یا فوج کی جانب سے مبینہ حملوں پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ کابل اس سے پہلے بھی پاکستان پر الزام لگا چکا ہے کہ وہ افغانستان میں پاکستانی طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں پر فضائی حملے کرتا ہے۔

پاکستانی طالبان ایک دہشت گرد گروہ ہے جو پاکستان میں کالعدم ہے اور ملک میں ہونے والے بعض بدترین دہشت گردانہ حملوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ ننگرہار کے ڈپٹی گورنر مولوی عزیزاللہ مصطفیٰ نے کہا کہ حملے پاکستانی ڈرونز کے ذریعے کیے گئے۔

افغان وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی کہ ننگرہار اور خوست میں تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔ یہ تازہ حملے اس وقت ہوئے ہیں جب ایک ہفتہ قبل ہی پاکستان، چین اور افغانستان کے اعلیٰ سفارت کاروں نے کابل میں ملاقات کی تھی اور دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون کا عہد کیا تھا۔

تین ماہ پہلے پاکستان اور افغانستان نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم اسلام آباد اور کابل کے تعلقات 2021 سے کشیدہ ہیں، جب افغان طالبان نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔