لاہور :پنجاب کے سیلاب زدہ اضلاع ایک سنگین صورتِ حال سے دوچار ہیں۔ اگرچہ سرکاری سطح پر بحالی اور ریلیف آپریشن کے "ہموار" ہونے کی یقین دہانیاں کرائی جا رہی ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، کیونکہ سیلاب سے متعلق بیماریوں کے پھیلاؤ نے صحت کے بحران کو جنم دے دیا ہے، جیسا کہ ایکسپریس ٹریبیون نے رپورٹ کیا۔ڈاکٹروں اور امدادی کارکنوں نے بتایا کہ اسہال، جلدی انفیکشن اور ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ مریض اکثر مناسب علاج کے لیے کئی گھنٹوں بلکہ دنوں تک انتظار کرتے ہیں، جو صحت کے نظام پر پڑنے والے دباؤ کو ظاہر کرتا ہے۔
صحت مراکز کی حالت نازک ہے، جہاں مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور ضروری ادویات کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔ کچھ ریلیف کیمپوں میں ملیریا کی دوائیں اور ریبیز ویکسین ختم ہو چکی ہیں، جس سے مقامی آبادی مزید خطرات سے دوچار ہے۔
نارووال میں ایک ہیلتھ ورکر نے مشکل حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم درجنوں مریضوں کا علاج خیموں میں کر رہے ہیں، لیکن سامان ناکافی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار یہاں کی حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے۔عالمی ادارہ صحت(WHO) نے بھی "وبا پھیلنے کے سنگین خطرات" سے خبردار کرتے ہوئے صاف پانی، نکاسی آب اور طبی سامان کی بلا تعطل فراہمی کو ناگزیر قرار دیا ہے۔امدادی تنظیموں نے تصدیق کی کہ کئی کیمپ غیر صحت بخش حالات سے دوچار ہیں، جہاں جمع پانی مچھروں کی افزائش کا باعث بن رہا ہے اور ہیضہ و پیچش کے خدشات بڑھا رہا ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق، اگست کے آخر سے جاری سیلاب نے پنجاب میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر کر دیا ہے، 2,000 دیہات زیر آب آ گئے ہیں اور کھیتوں کے وسیع رقبے بہہ گئے ہیں۔ چاول، کپاس اور گنے جیسی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، جس سے خطے میں غذائی عدم تحفظ مزید سنگین ہو گیا ہے۔صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ تقریباً 19 لاکھ افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، 1,000 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور موبائل ہیلتھ یونٹس تعینات کیے گئے ہیں۔ لیکن زمینی رپورٹس کے مطابق کئی دیہات اب بھی کٹے ہوئے ہیں اور امدادی سرگرمیاں ان تک شاذونادر ہی پہنچتی ہیں۔
حافظ آباد اور قصور کے مقامی لوگوں نے شکایت کی کہ انہیں نہ تو مستقل صاف پانی مل رہا ہے اور نہ ہی طبی امداد۔
سرکاری ریکارڈز کے مطابق، گزشتہ ایک ماہ میں پنجاب بھر میں 15,400 سے زیادہ کیسز ڈینگی، اسہال، ملیریا اور جلدی بیماریوں کے رپورٹ ہوئے ہیں۔ صرف لاہور میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 9,000 سے زائد مریض رجسٹر ہوئے۔ پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، جنوری سے اب تک صوبے میں 310 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 79 لاہور میں ہیں۔بحران کی شدت صرف ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ 99 سانپ کے کاٹنے اور 167 کتے کے کاٹنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔