پاکستان : ’پریشان‘ کیے جانے کے خلاف پی ٹی آئی نے کھٹکھٹایا عدالت کا دروازہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2022
پاکستان : ’ہراساں‘ کیے جانے کے خلاف پی ٹی آئی نے کھٹکھٹایا عدالت کا دروازہ
پاکستان : ’ہراساں‘ کیے جانے کے خلاف پی ٹی آئی نے کھٹکھٹایا عدالت کا دروازہ

 


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اپنے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے گھروں پر مبینہ طور پر چھاپے مارنے اور ہراساں کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جسے سماعت کے لیے مقرر کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما علی نواز اعوان نے جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درحواست دائر کی جس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اسلام آباد، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی ایف آئی اے سائبر ونگ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے ’گھروں پر غیر قانونی چھاپے مارے جا رہے ہیں اور گھر والوں کو ہراساں‘ کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پارٹی کارکنوں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے روکا جائے اور ’سیاسی بنیادوں پر چادر چار دیواری پامال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جائے۔‘ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی یہ درخواست آج یعنی جعمرات کو ہی سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہے جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ سماعت کریں گے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی برطرفی کے بعد سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے مسلسل کہا جا رہا ہے کہ ان کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

اسی طرح پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے بھی ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ’پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے، تلاشیاں، فیملی، عورتوں کی چادر چار دیواری کی بے حرمتی۔ کیا ہو گیا ہے آپ کو؟ حوصلہ کریں۔

جبکہ بعض ٹوئٹر اکاؤنٹس اور فیس بک پوسٹس پر بھی مبینہ چھاپوں اور ہراساں کیے جانے کے واقعات کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو ہراساں کرنے یا ان کے گھروں پر چھاپے مارنے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔