پاکستان:معاشی استحکام کے لیے سنگین چیلنج پیش کر رہی ہے آبادی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-12-2025
پاکستان:معاشی استحکام کے لیے سنگین چیلنج پیش کر رہی ہے آبادی
پاکستان:معاشی استحکام کے لیے سنگین چیلنج پیش کر رہی ہے آبادی

 



اسلام آباد [پاکستان]: پاکستان کی آبادی 257 ملین سے تجاوز کر گئی ہے، حالانکہ شرحِ نمو اور شرحِ پیدائش میں کمی آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تیزی سے بڑھتی آبادی ملک کی کمزور بنیادی ڈھانچے اور معاشی استحکام کے لیے سنگین چیلنج پیش کر رہی ہے۔

امریکی مردم شماری بیورو کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں شامل ہے، جو ایک اہم آبادیاتی موڑ کی نشاندہی کرتا ہے، جیسا کہ دی ایکسپریس ٹریبیون نے رپورٹ کیا۔ دی ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ سالانہ آبادی کی شرحِ نمو گھٹ کر 1.82 فیصد رہ گئی ہے اور فی عورت شرحِ پیدائش کم ہو کر 3.25 تک آگئی ہے، لیکن مجموعی آبادی میں تیزی سے اضافہ بدستور جاری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شرحِ پیدائش ابھی بھی عالمی سطح پر تسلیم شدہ 2.1 کے ریپلیسمنٹ لیول سے کہیں زیادہ ہے، جس کے باعث آبادی میں اضافہ آئندہ ایک نسل تک جاری رہے گا۔ اقتصادی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ یہ رجحان 2030 کی دہائی اور 2040 کی دہائی میں تعلیم، صحت، رہائش اور روزگار جیسے اہم شعبوں پر ناقابلِ برداشت دباؤ ڈال سکتا ہے۔ اگر روزگار کے مواقع پیدا نہ کیے گئے تو آبادی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ("یوتھ بلج") ایک اقتصادی بوجھ بن سکتی ہے۔

رپورٹ میں پاکستان کی مستقل ترقیاتی کمزوریوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ ملک میں اوسط متوقع عمر 60.5 سال پر رکی ہوئی ہے اور ہر 1,000 زندہ پیدائشوں پر 65 بچوں کی اموات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ زچہ و بچہ کی صحت، غذائیت اور بنیادی طبی سہولیات میں ابھی بھی طویل عرصے سے بڑے خلاء موجود ہیں۔ آبادی کی کثافت بڑھ کر 333 افراد فی مربع کلومیٹر تک پہنچ گئی ہے، جس سے زمین اور بنیادی سہولیات پر مزید دباؤ پڑ رہا ہے۔

شہری علاقے جو پہلے ہی غیر منصوبہ بندی، ٹریفک کی بھیڑ، اور پھیلی ہوئی کچی آبادیوں کا سامنا کر رہے ہیں، یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی انفراسٹرکچر آبادی کے تقاضوں سے خطرناک حد تک پیچھے رہ گیا ہے، جیسا کہ دی ایکسپریس ٹریبیون نے رپورٹ کیا۔ خطے کا تقابلی جائزہ اس صورتحال کو اور بھی واضح کرتا ہے۔

بھارت اور بنگلہ دیش نے مسلسل تعلیمی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے شرحِ پیدائش کو تقریباً ریپلیسمنٹ لیول تک لانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور اس کے ثمرات بھی حاصل کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے لیے خطرہ ہے کہ اگر اس نے انسانی وسائل کی ترقی کو ترجیح نہ دی تو وہ اپنے پڑوسی ممالک سے پیچھے رہ جائے گا۔

ماہرینِ آبادیات اور معاشیات نے خبردار کیا ہے کہ اصلاحات کی مؤثر کھڑکی تیزی سے بند ہو رہی ہے۔ اگر خواتین کی تعلیم، تولیدی صحت اور روزگار کے مواقع میں فوری سرمایہ کاری نہ کی گئی تو پاکستان جلد ہی کمزور انسانی سرمایہ کے ساتھ عمر رسیدہ آبادی کے بحران سے دوچار ہو سکتا ہے، جیسا کہ دی ایکسپریس ٹریبیون نے رپورٹ کیا۔