پاکستان : نواز شریف کی واپسی پر کوئی ’سودا‘ نہیں۔ حکومت اور اپوزیشن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-01-2022
پاکستان : نواز شریف کی واپسی پر کوئی ’سودا‘ نہیں۔ حکومت اور اپوزیشن
پاکستان : نواز شریف کی واپسی پر کوئی ’سودا‘ نہیں۔ حکومت اور اپوزیشن

 

 

اسلام آباد :حکومت پاکستان اور حزب اختلاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے کسی قسم کی ڈیل پر بات چیت نہیں ہو رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نومبر 2019 سے لندن میں ہیں جہاں وہ طبی بنیادوں پر آٹھ ماہ کی ضمانت پر گئے تھے۔

نواز شریف 2017 میں سپریما کورٹ کے فیصلے کے بعد اقتدار سے ہٹا دیے گئے تھے۔ اس کے بعد دسمبر 2018 میں بدعنوانی کے الزامات میں انہیں سات سال جیل کی سزا سنا دی گئی تھی۔ وہ ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے بارہا کہہ چکے ہیں کہ یہ تمام الزامات سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے ہیں۔ اس سب کے بعد گذشتہ سال اگست میں برطانیہ کے ہوم ڈپارٹمنٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر لندن میں رہائشی میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

جس کے بعد گذشتہ ہفتے ایک خبر سامنے آئی تھی کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے حکومت کے ساتھ کوئی ’خفیہ معاہدہ‘ ہونے والا ہے۔ تاہم اب پاکستان کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ایسی تمام خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں۔ ’کسی صورت نہیں۔ قانون اس کا فیصلہ کرے گا۔‘ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ’انہیں (نواز شریف) عدالت کی جانب سے مفرور قرار دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کی نے انہیں تاحیات نااہل قرار دیا ہے۔‘ دوسری جانب خود مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بھی ایسی افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔