پاکستان: پشاور میں تین ضعیف بہنوں کی پراسرار موت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-08-2021
تین بہنوں کی موت
تین بہنوں کی موت

 

 

پشاور: پاکستان میں ایک سنسنی خیز واردات ہوئی ہے ،صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے محلہ سیٹھیاں میں 13 جولائی کو تین ضعیف العمر بھائی بہنوں کی پراسرار موت کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر سات اگست کو نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تاہم تفتیشی افسر کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے موت کا سبب معلوم نہیں ہوسکا اور نہ ہی کسی رشتے دار نے کیس میں دلچسپی لیتے ہوئے کسی پر شک ظاہر کیا ہے۔ 13 جولائی کو پیش آنے والے اس واقعے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 18 دن بعد آئی، جس کی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کرنے سے تھانہ کوتوالی کے حکام گریزاں تھے۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) یوسف خان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) عبدالرشید خان، ایس پی انویسٹی گیشن کوکب فاروق اور ایس پی سٹی عتیق شاہ نے ہر بار رابطہ کرنے پر پوسٹ مارٹم رپورٹ کے متن سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

رپورٹ موصول ہونے کے پہلے تین دن بعد استفسار پر ایس پی انویسٹی گیشن کوکب فاروق نے یہ کہہ کر بات کرنے سے انکار کیا تھا کہ انہیں رپورٹ کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں، جب کہ ایس پی سٹی عتیق شاہ نے کہا تھا کہ انہوں نے ابھی رپورٹ کا لفافہ ہی نہیں کھولا۔ تاہم تفتیشی افسر اجمل خان نے پیر (نو اگست) کو خاموشی توڑتے ہوئے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کسی قتل کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے، اس لیے تفتیش کا دائرہ کار مزید بڑھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا: ’یہ ایک کمزور کیس ہے۔ پوسٹ مارٹم سے ثابت نہیں ہوسکا کہ یہ قتل تھا، ملزمان نامعلوم ہیں، وقت اور تاریخ نامعلوم ہیں۔ مرنے والوں کا کوئی والی وارث نہیں ہے جو کیس آگے چلائے، تفتیش تو بہرحال چلتی رہے گی جو کہ ایک وسیع کام ہے اور جس پر کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔‘