پاکستان: مسلم ممالک کے وزراخارجہ کی مٹینگ آج،مغربی ممالک کے نمائندے بھی ہونگے موجود

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 19-12-2021
پاکستان: مسلم ممالک کے وزراخارجہ کی مٹینگ آج،مغربی ممالک کے نمائندے بھی ہونگے موجود
پاکستان: مسلم ممالک کے وزراخارجہ کی مٹینگ آج،مغربی ممالک کے نمائندے بھی ہونگے موجود

 

 

اسلام آباد: افغانستان میں بگڑتی انسانی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کا غیرمعمولی اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں کابل سے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی جبکہ انڈونیشیا، بوسنیا، ملائیشیا، ترکمانستان، کرغزستان کے حکام اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مبصرین کے علاوہ اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی ادارے، امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی، اٹلی کے مندوبین بھی شامل ہوں گے۔

وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے اور اس حوالے سے پیش رفت دیکھی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ یہ اجلاس سعودی عرب کی دعوت پر طلب کیا گیا ہے جو اسلامی تعاون تنظیم کا چیئرمین ہے۔ پاکستان نے اجلاس بلانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔