پاکستان ہائی کمیشن نے گرو نانک جینتی سے قبل 2100 ویزے جاری کیے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-10-2025
پاکستان ہائی کمیشن نے گرو نانک جینتی سے قبل 2100 ویزے جاری کیے
پاکستان ہائی کمیشن نے گرو نانک جینتی سے قبل 2100 ویزے جاری کیے

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
پاکستانی ہائی کمیشن نے بدھ کے روز بتایا کہ اس نے گرو نانک دیو جی کی سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر ہندوستان سے آنے والے سکھ یاتریوں کو 2100 سے زیادہ ویزے جاری کیے ہیں۔پاکستانی ہائی کمیشن نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے ہندوستان کے سکھ یاتریوں کو 2100 سے زائد ویزے جاری کیے ہیں تاکہ وہ بابا گرو نانک دیو جی کی جنم دن کی تقریبات میں شریک ہو سکیں، جو 4 سے 13 نومبر 2025 تک پاکستان میں منعقد ہوں گی۔
اس سے قبل 3 اکتوبر کو دہلی کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے حکومت ہند کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا، جس کے تحت سکھ جتھے گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان جا سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باوجود عقیدت اور مذہبی ربط کو برقرار رکھا۔
ایک ویڈیو بیان میں سرسا نے تمام نمائندہ تنظیموں، جن میں شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی اور دہلی سکھ گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی  شامل ہیں، سے اپیل کی کہ وہ اس دورے کے لیے تمام ضروری رسمی کارروائیاں جلد مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ جو جتھے پہلے بھی گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان جایا کرتے تھے، وہ اس بار بھی جائیں گے۔ وزارت داخلہ نے آج یہ وضاحت کی ہے۔ میں تمام نمائندہ اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ چاہے وہ شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی ہو، دہلی سکھ گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی ہو یا کوئی اور تنظیم — سب اپنے جتھوں کے دورے کے لیے جلد از جلد کارروائی مکمل کریں۔
دہلی کے وزیر سرسا نے کہا کہ وہ ہندوستان کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کشیدہ ہندوستان-پاکستان تعلقات کے باوجود کرتارپور صاحب دربار کو 2019 میں گرو نانک دیو جی کے پرکاش پروب کے موقع پر کھولنے کی اجازت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ملک کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس بار بھی وہی عقیدت اور احترام دکھایا ہے، اور سکھ یاتریوں کو پاکستان جانے کی اجازت دینے والا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ہندوستان نے اس سے پہلے بھی سکھ جتھوں کو پرکاش پروب کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان جانے کی اجازت دی تھی۔
یہ یاترا 1974 کے دو طرفہ معاہدے کے تحت کی جاتی ہے، جو مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق ہے۔ ہر سال سکھ یاتری سرحد پار کر کے پرکاش پروب، بیساکھی، اور گرو ارجن دیو جی کے شہادت دن جیسے مذہبی مواقع پر پاکستان جاتے ہیں۔ یہ سلسلہ 1974 کے ہندوستان-پاکستان معاہدے کے تحت جاری ہے، جو کشیدہ تعلقات کے باوجود محدود مذہبی دوروں کی اجازت دیتا ہے۔
حالیہ برسوں میں کرتارپور کوریڈور، جو 2019 میں کھولا گیا تھا، سکھ یاتریوں کو ویزا فری پاکستان جانے کی سہولت دیتا ہے۔ تاہم، بڑے جتھے اب بھی روایتی پروٹوکول کے تحت سفر کرتے ہیں۔ آئندہ یاترا کے دوران سکیورٹی اور انتظامی اقدامات دونوں ملکوں  ہندوستان اور پاکستان  کی حکومتوں کے باہمی تعاون سے کیے جا رہے ہیں تاکہ عقیدت مندوں کی نقل و حرکت محفوظ اور ہموار رہے۔