اسلام آباد/ آواز دی وائس
پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان مسلسل سندھ طاس معاہدے کو کمزور کر رہا ہے اور اس نوعیت کی خلاف ورزیاں معاہدے کے بنیادی اصولوں پر براہِ راست حملہ ہیں۔ اسحاق ڈار پاکستان کے وزیرِ خارجہ بھی ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے دریائے چناب کے بہاؤ میں تبدیلی کے معاملے پر ہندوستان سے وضاحت طلب کیے جانے کے ایک دن بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسی سال اپریل میں ہندوستان کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے یکطرفہ طور پر پیچھے ہٹنے کا قدم دیکھا… لیکن اب ہم ہندوستان کی طرف سے ایسی سنگین خلاف ورزیاں دیکھ رہے ہیں جو سندھ طاس معاہدے کے بنیادی اصولوں پر حملہ ہیں اور جن کے علاقائی استحکام اور بین الاقوامی قانون کی حرمت دونوں پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اس سال 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے ایک دن بعد ہندوستان نے پاکستان کے خلاف متعدد تادیبی اقدامات کیے تھے، جن میں 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو “معطل” کرنا بھی شامل تھا۔ عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والا یہ معاہدہ 1960 سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں کے پانی کی تقسیم اور استعمال کو منظم کرتا رہا ہے۔ ڈار نے یہ بھی بتایا کہ “ہندوستان کی جانب سے پانی میں کی جا رہی چھیڑ چھاڑ” کے باعث پاکستان کے سندھ کمشنر کو اس معاملے پر وضاحت طلب کرنے کے لیے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو خط لکھنا پڑا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ زرعی چکر کے نہایت اہم وقت میں سندھ بیسن کے پانی میں رد و بدل پاکستان میں زندگی اور روزی روٹی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔ وزیر نے کہا کہ ہندوستان نے معاہدے کے تحت مطلوبہ پیشگی اطلاعات، آبیاتی (ہائیڈرولوجیکل) ڈیٹا کا تبادلہ اور مشترکہ نگرانی روک دی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو سیلاب اور خشک سالی کے خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی فراہمی روکنا جنگی اقدام کے مترادف سمجھا جائے گا۔