پاکستان :ایندھن کی قیمتوں کے خلاف احتجاج سے بڑے شہروں میں نظام زندگی متاثر

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2026
پاکستان :ایندھن کی قیمتوں کے خلاف احتجاج سے بڑے شہروں میں نظام زندگی متاثر
پاکستان :ایندھن کی قیمتوں کے خلاف احتجاج سے بڑے شہروں میں نظام زندگی متاثر

 



پشاور۔ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہنے سے پشاور سمیت مختلف شہروں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی نے گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا جاری رکھا۔پیر کے روز بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے احتجاج میں شرکت کی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر اور لاہور میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر غیر معینہ مدت کے دھرنے جاری ہیں۔

احتجاج کے دوسرے روز کے آغاز سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر محمد ابراہیم خان نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے مرکزی امیر عبدالواسع کے ہمراہ حکومت پر احتجاج ختم کرانے کے لیے تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ڈان کے مطابق محمد ابراہیم خان نے کہا کہ حکومت مذاکرات اور اسلام آباد میں معاملے پر بریفنگ کی پیشکش کے ذریعے دھرنا ختم کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے مطالبات کوئی طویل فہرست نہیں ہیں جن پر طویل مذاکرات کی ضرورت ہو۔ ان کے مطابق احتجاج کرنے والوں کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور ان مصنوعات پر عائد غیر منصفانہ لیویز اور ٹیکس واپس لیے جائیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مذاکرات کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

ڈان کے مطابق احتجاج کے باعث صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کو آمد و رفت کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کی اہم شاہراہ شیر شاہ سوری روڈ بند ہونے کے باعث ٹریفک کو دیگر سڑکوں کی جانب موڑ دیا گیا۔نئے تعلیمی سال کے آغاز کے بعد پہلے ہی روز اسکول جانے والے بچوں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نجی گاڑیوں میں سفر کرنے والے کئی بچوں اور ان کے اہل خانہ کو بھی گھروں تک پہنچنے کے لیے متعدد متبادل راستے اختیار کرنا پڑے۔

ڈان کے مطابق خیبر بازار۔ شوبا بازار۔ فورٹ روڈ۔ گرینڈ ٹرنک روڈ۔ جیل روڈ اور خیبر روڈ پر بھی گاڑیوں کی قطاریں کئی گھنٹوں تک پھنسی رہیں۔احتجاج کے باعث ٹریفک کے شدید دباؤ اور اہم شاہراہوں کی بندش نے پشاور میں شہری نقل و حرکت کو بری طرح متاثر کیا اور انتظامیہ کے ٹریفک نظام سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔