پاکستان :فوج کو سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے: آئی ایس پی آر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2022
فوج کو سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے: آئی ایس پی آر
فوج کو سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے: آئی ایس پی آر

 

 

 اسلام آباد :پاکستان کی سیاست میں فوج کا نام بار بار آنے اور مختلف سازشوں کے سبب اب فوج نے بھی اپنی جانب سے وضاحت پیش کرنی شروع کردی ہے اور سیاسی پارٹیوں کو ہدایت کی ہے فوج کا نام سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

اس سلسلے میں آئی ایس پی آر پاکستان فوج نے اتوار کو ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ اسے سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے۔ پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’حال ہی میں جان بوجھ کر پاکستان کی مسلح افواج کو ملک میں جاری سیاسی گفتگو میں گھسیٹنے کی کوششیں تیز ہوئی ہیں۔’یہ کوششیں مسلح افواج کے ساتھ ساتھ اس کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے براہ راست، واضح یا مختصر حوالوں سے ظاہر ہوتی ہیں، جو کچھ سیاسی رہنماؤں، چند صحافیوں اور تجزیہ کاروں نے عوامی فورمز اور سوشل میڈیا سمیت مختلف مواصلاتی پلیٹ فارمز پر کیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ غیر مصدقہ، ہتک آمیز اور اشتعال انگیز بیانات اور ریمارکس کا یہ عمل انتہائی نقصان دہ ہے۔ ’پاکستان کی مسلح افواج اس طرح کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے سب سے توقع رکھتی ہیں کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھیں۔‘

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ سینیئر ریٹائرڈ فوجی حکام نے ان سے منسوب کی گئی ان آڈیو کلپس کو جن میں پاک فوج اور اس کی قیادت کے خلاف بیانات دیے گئے تھے ان کو ’جعلی‘ قرار اور ’پاک فوج کے خلاف سازش‘ قرار دیا تھا۔ ریٹائرڈ فوجی حکام کی طرف سے یہ وضاحتیں ایک ایسے موقع پر سامنے آئی تھیں جب اس سے دو دن قبل ہی ملک کی عسکری قیادت نے سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف جاری ’پروپیگنڈا مہم‘ کا نوٹس لیا تھا اور ملک میں سیاسی بحران پر فوجی قیادت کے مؤقف کی توثیق کی تھی۔

آئی ایس پی آر نے 79ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے بارے میں ایک بیان میں کہا تھا کہ فورم نے حال ہی میں ہونے والے اس اقدام کا نوٹس لیا، کچھ حلقوں کی جانب سے پاک فوج کو بدنام اور ادارے اور معاشرے کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کے لیے پروپیگنڈا مہم چلائی۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی قومی سلامتی مقدس ہے، پاک فوج ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کسی سمجھوتے کے بغیر اس کی حفاظت کے لیے کھڑی رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔