ڈھاکہ (بنگلہ دیش) 26 اکتوبر۔ پاکستان کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساہر شمشاد مرزا نے ہفتے کی شب ریاستی مہمان گھر جمنا میں بنگلہ دیش کے عبوری چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔چیف ایڈوائزر کے پریس ونگ کے بیان کے مطابق ملاقات میں بنگلہ دیش-پاکستان تعلقات سے متعلق مختلف امور پر بات چیت ہوئی، جن میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کی بڑھتی اہمیت بھی شامل تھی۔جنرل مرزا نے دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور عوامی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت، کنیکٹیویٹی اور سرمایہ کاری کے امکانات وسیع ہیں۔
جنرل مرزا نے کہا، ہمارے دونوں ممالک ایک دوسرے کی حمایت کریں گے اور بتایا کہ کراچی اور چٹاگانگ کے درمیان دو طرفہ شپنگ روٹ پہلے ہی شروع ہو چکا ہے جبکہ ڈھاکہ-کراچی فضائی روٹ چند ماہ میں شروع ہونے کی توقع ہے۔دونوں فریقین نے مشرق وسطیٰ اور یورپ میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے فیک نیوز اور غیر ریاستی عناصر کے ذریعہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے بڑھتے ہوئے چیلنج پر بھی تبادلہ خیال کیا، جو مختلف خطوں میں امن اور استحکام کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔چیف ایڈوائزر نے کہا، فیک نیوز اور غلط معلومات نے سوشل میڈیا کو بھر دیا ہے اور اسے افراتفری پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششیں ضروری ہیں۔
ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر خلیل الرحمن، سینیئر سیکرٹری اور ایس ڈی جی کوآرڈینیٹر لامیا مرشد، اور پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش عمران حیدر بھی موجود تھے۔