پاکستان کو افغانستان کا انتباہ،"سرحد پار حملے ناقابل برداشت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2025
پاکستان کو افغانستان کا انتباہ،
پاکستان کو افغانستان کا انتباہ،"سرحد پار حملے ناقابل برداشت

 



اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد نے طالبان انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، جس کے مطابق کابل اس کے بڑھتے ہوئے سلامتی کے خدشات پر مؤثر ردعمل دینے میں ناکام رہا ہے۔ خاما پریس نے ڈان نیوز کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔دو روز قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے علانیہ طور پر کابل پر زور دیا کہ وہ "پاکستان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے"، اور خبردار کیا کہ اسلام آباد افغان سرزمین سے جاری سرحد پار حملوں کو مزید برداشت نہیں کرے گا۔ ان کے یہ ریمارکس پاکستان میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر بڑھتی ہوئی تشویش کی عکاسی کرتے ہیں اور دونوں ہمسایوں کے درمیان تناؤ کی تازہ ترین مثال ہیں۔

یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا جب کابل نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے ننگرہار اور خوست صوبوں میں فضائی حملوں سے عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ افغان حکام نے ان حملوں کو اشتعال انگیز کارروائیاں" قرار دیا۔ تاہم پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حملے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیے گئے اور اس نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے گروہوں کو قابو کرنے میں ناکام رہا ہے۔ (خاما پریس/ڈان نیوز)

طالبان کے دوبارہ برسرِاقتدار آنے (2021) کے بعد سے پاکستان میں ٹی ٹی پی سے منسلک پرتشدد کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے جواب میں اسلام آباد نے سرحد پار عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر سخت کنٹرول نافذ کیے، اور غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی تیز کر دی۔ رپورٹ کے مطابق اب تک تقریباً 12 لاکھ افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا جا چکا ہے، جو پاکستان کے سخت تر رویے کو ظاہر کرتا ہے۔

اسلام آباد کے حکام نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر عسکریت پسندوں کے حملے جاری رہے تو افغانستان کی سرزمین میں مزید اندر تک فضائی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ایسا کوئی قدم دونوں ممالک کے درمیان مزید تصادم کو ہوا دے سکتا ہے اور بڑے تصادم کے خدشات کو بڑھا سکتا ہے۔مبصرین نے اس صورتحال کو دوطرفہ تعلقات میں "ایک نئی پستی" قرار دیا ہے۔ اگرچہ تجارت اور سفارتی رابطے باضابطہ طور پر کھلے ہیں، لیکن بڑھتا ہوا عدم اعتماد تعاون کے امکانات پر سایہ ڈال رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اگر کابل نے پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کیے تو یہ کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور پہلے سے نازک تعلقات کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہے