جدہ:پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے فروغ پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد سے ملاقات پر خوشی اور اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا اور مشکل حالات میں ولی عہد کی قیادت میں سعودی عرب کے صبر اور تحمل کو سراہا۔
شہباز شریف نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی امن کاوشوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں مدد دی اور اسلام آباد میں تاریخی امن مذاکرات کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکہ اور ایران دونوں کو ایک ایسے معاہدے کی طرف لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا جو خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنا سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی مضبوط یکجہتی برقرار رکھتا ہے اور وہ ان کی قیادت میں اختیار کیے گئے صبر و تحمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کا پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
شہباز شریف بدھ کے روز ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے تھے۔ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مغربی ایشیا میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور امریکہ ایران مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
دریں اثنا ایک اور اہم پیش رفت میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ تہران پہنچے تاکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان رکی ہوئی بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی جا سکے۔