پاکستان: 2025 میں سندھ میں مچھروں سے 103 اموات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-01-2026
پاکستان: 2025 میں سندھ میں مچھروں سے  103 اموات
پاکستان: 2025 میں سندھ میں مچھروں سے 103 اموات

 



کراچی۔:سندھ میں 2025 کے دوران مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں کے باعث 103 افراد کی موت واقع ہوئی۔ ان میں کراچی کے ایک اسپتال میں ملیریا سے 23 اموات شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار کراچی کے تین اور حیدرآباد کے ایک اسپتال کے جمع کردہ ڈیٹا پر مبنی ہیں۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ صحت کے سرکاری اعداد و شمار اس کے برعکس ہیں جن کے مطابق ڈینگی اور ملیریا سے مجموعی طور پر 33 اموات ہوئیں۔

انڈس اسپتال آغا خان یونیورسٹی اسپتال سندھ انفیکشس ڈیزیز اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر اور لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد جامشورو کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم از کم 103 افراد مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں بشمول ملیریا سے جان کی بازی ہار گئے۔ ان میں سے 83 اموات کراچی کے اسپتالوں میں ریکارڈ کی گئیں جن میں بچے بھی شامل تھے۔ ڈان کے مطابق زیادہ تر کیسز گزشتہ سال اگست سے نومبر کے درمیان سامنے آئے۔

اعداد و شمار کے مطابق انڈس اسپتال میں 2025 کے دوران ڈینگی کے 8883 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 40 اموات ہوئیں۔ ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ 18 مریض نازک حالت میں لائے گئے جو اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں دم توڑ گئے۔ اسی اسپتال میں ملیریا کے 2719 مریض آئے اور ملیریا سے 23 اموات ہوئیں جن میں سے 6 مریض ایمرجنسی میں جانبر نہ ہو سکے۔

سندھ انفیکشس ڈیزیز اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں کے 941 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 651 ڈینگی اور 290 ملیریا کے کیسز شامل تھے۔ اس اسپتال میں ڈینگی سے 14 اموات ہوئیں جبکہ ملیریا سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔ ڈان کے مطابق اگرچہ آغا خان یونیورسٹی اسپتال کا مکمل ڈیٹا دستیاب نہیں ہو سکا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری سے اکتوبر کے درمیان کم از کم 6 مریض ڈینگی سے جان کی بازی ہار گئے۔

لیاقت یونیورسٹی اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ 2025 میں وہاں ڈینگی بخار سے 25 مریضوں کی موت ہوئی۔ ان میں سے زیادہ تر مریض ستمبر سے نومبر کے دوران داخل کیے گئے تھے۔

اس کے برعکس ڈان کی جانب سے پیش کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ڈینگی کے 20502 کیسز رپورٹ ہوئے اور 33 اموات ہوئیں۔ ان میں سے 90 فیصد سے زیادہ کیسز کراچی اور حیدرآباد میں سامنے آئے۔ سرکاری ڈیٹا کے مطابق کراچی میں 10375 کیسز اور 10 اموات جبکہ حیدرآباد میں 9559 کیسز اور 23 اموات رپورٹ ہوئیں۔ مزید کہا گیا کہ صوبے میں ملیریا کے 283140 کیسز رپورٹ ہوئے لیکن کسی موت کی اطلاع نہیں دی گئی۔

سرکاری تفصیل کے مطابق حیدرآباد ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 128571 ملیریا کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے بعد لاڑکانہ میں 69543 شاہد بینظیرآباد میں 31685 میرپورخاص میں 25671 سکھر میں 24114 اور کراچی میں 3556 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈان کے مطابق محکمہ صحت کے ترجمان نے سرکاری اعداد و شمار اور اسپتالوں کے ڈیٹا کے درمیان فرق پر وضاحت کے لیے بھیجے گئے پیغامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

اسپتال ذرائع نے ڈان کو یہ بھی بتایا کہ حکومت کے پاس ایسا کوئی شفاف نظام موجود نہیں جس کے ذریعے صوبے بھر کے اسپتالوں اور لیبارٹریوں سے ڈیٹا جمع کیا جا سکے۔ بہت سے مریض چھوٹے کلینکس چلانے والے عام معالجین سے علاج کراتے ہیں اور کئی افراد گھروں میں ہی دم توڑ دیتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صحت کے اس بحران کی اصل شدت سرکاری اعداد و شمار اور میڈیا رپورٹنگ سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

انڈس اسپتال کی سینئر متعدی امراض کی ماہر سمرین سرفراز نے بتایا کہ ڈینگی کے کیسز میں خاص طور پر بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا اور کئی مریض ڈینگی اور ملیریا دونوں میں مبتلا تھے۔ انہوں نے کہا کہ کیسز دسمبر تک سامنے آتے رہے حالانکہ پہلے سال کے اختتام تک موسمی لہر ختم ہو جاتی تھی۔

زیادہ اموات کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ڈینگی مریضوں کی موت ہوئی وہ شدید صدمے کی حالت میں داخل کیے گئے تھے۔ ان میں خون بہنے کی علامات یا اعضا کے افعال میں خرابی پائی گئی۔ کئی مریضوں میں بخار کے اچانک آغاز کے بعد چند دنوں میں بیماری کی شدت بہت بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملیریا کے جن مریضوں کی موت ہوئی ان میں فالسیپیرم پیراسائٹ کی مقدار بہت زیادہ تھی یا انہیں ملیریا کی مخلوط قسم لاحق تھی۔ ایسے مریض شدید خون کی کمی ذہنی بے ہوشی گردوں کے فیل ہونے صدمے یا سانس کی شدید تکلیف کے ساتھ اسپتال پہنچے۔

سمرین سرفراز نے کہا کہ ملیریا کے لیے مؤثر دوا موجود ہے لیکن بروقت تشخیص اور علاج نہایت ضروری ہے تاکہ پیچیدگیوں اور اموات سے بچا جا سکے کیونکہ علاج میں تاخیر سے پیراسائٹ کی مقدار تیزی سے بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن مریضوں کی موت ہوئی ان میں پیراسائٹ کی مقدار بہت زیادہ تھی جو بروقت تشخیص اور فوری علاج کی ضرورت کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے مچھر کنٹرول کے اقدامات پر بھی زور دیا اور کہا کہ ذاتی اور حکومتی سطح پر مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ مچھر دانیوں اور مچھر بھگانے والے لوشن کا استعمال اور ٹھہرے ہوئے پانی کی نکاسی نہایت اہم ہے۔

خبردار کرنے والی علامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچانک تیز بخار جسم میں درد اور قے ڈینگی یا ملیریا کی علامت ہو سکتی ہے۔ بروقت کسی مستند طبی ماہر سے رجوع کرنا جلد تشخیص اور علاج کے ذریعے جانیں بچاتا اور پیچیدگیوں سے محفوظ رکھتا ہے۔