اماراتی ٹرک رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ پہنچے، 2 ہزار ٹن امداد فراہم

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-09-2025
اماراتی ٹرک رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ پہنچے، 2 ہزار ٹن امداد فراہم
اماراتی ٹرک رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ پہنچے، 2 ہزار ٹن امداد فراہم

 



ابوظہبی : گزشتہ دو ہفتوں میں امارات کی جانب سے آٹھ امدادی قافلے مختلف نوعیت کی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد لے کر مصر کی رفح سرحدی کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے۔ یہ اقدام آپریشن چوالروس نائٹ 3 کے تحت فلسطینی عوام کی مدد اور تعاون کے لیے کیا گیا۔

ان قافلوں میں 128 ٹرک شامل تھے جو 2,000 ٹن سے زائد امداد لے کر پہنچے، جن میں غذائی سامان اور پناہ گاہ کے لیے درکار مواد شامل تھا۔ اس کے ساتھ ہی 27 جولائی کو سرحدی کراسنگ دوبارہ کھلنے کے بعد سے غزہ میں داخل ہونے والی امداد کی مجموعی مقدار 12 ہزار ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔

اماراتی انسانی ہمدردی کی ٹیم جو مصر کے شہر العریش میں موجود ہے، امداد کی لوڈنگ، اس کی ترسیل کی نگرانی اور غزہ میں مستحقین تک پہنچانے کو یقینی بنا رہی ہے۔

کراسنگ کے دوبارہ کھلنے کے بعد سے متحدہ عرب امارات نے اپنی کوششوں میں تیزی لاتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے تاکہ غزہ میں مشکل حالات کا سامنا کرنے والے افراد کی تکالیف کم کی جا سکیں اور بنیادی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔

امارات نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، موجودہ صورتحال کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور غزہ کے بھائیوں اور بہنوں کو فوری امداد فراہم کرتا رہے گا۔