ابوظہبی۔ ابوظہبی کے الوَثبہ علاقے میں شیخ زاید سمر فیسٹیول کے تحت منعقد ہونے والا پہلا الوَثبہ کھجور میلہ اتوار کو اختتام پذیر ہوگیا۔ کئی روز تک جاری رہنے والے اس میلے میں متحدہ عرب امارات میں کھجور کی پیداوار اور کھجور کے درخت سے ملک کے دیرینہ تعلق کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف مقابلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ابوظہبی ہیریٹیج اتھارٹی کے زیر اہتمام یہ میلہ 3 سے 9 اگست 2026 تک جاری رہا۔ اس دوران 18 مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مجموعی طور پر 240 انعامات دیے گئے۔ ان انعامات کی مجموعی مالیت 5.677 ملین درہم تھی۔
ابوظہبی کے الوَثبہ علاقے میں منعقد ہونے والے اس میلے میں کسانوں۔ کھجور کے کاشتکاروں۔ خاندانوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی پیداوار کنندگان کو اپنی بہترین کھجوریں پیش کرنے کا موقع بھی ملا۔میلے کا مقصد کھجور کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا۔ مقامی پیداوار کے معیار کو بہتر بنانا۔ بہتر زرعی طریقوں کو فروغ دینا اور آنے والی نسلوں کے لیے کھجور کے درخت سے وابستہ ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔
میلے کے ڈائریکٹر راشد الرمیثی نے بتایا کہ پہلے ایڈیشن میں 18 مقابلوں میں 448 امیدواروں نے حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ کھجوروں اور دیگر پھلوں کے مقابلوں کے لیے موصول ہونے والی پیداوار کی مقدار 4385 ٹن سے زیادہ رہی۔انہوں نے مزید بتایا کہ 7 روزہ میلے کے دوران مجموعی طور پر 25108 افراد نے شرکت کی۔ اس طرح روزانہ اوسطاً 3000 سے زیادہ افراد میلے میں پہنچے۔میلے کے آخری روز مختلف مقابلوں کے کامیاب امیدواروں کو ان کی معیاری پیداوار کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا اور ان میں انعامات تقسیم کیے گئے۔