تنازعات کے درمیان 12 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے مغربی ایشیا سے ہندوستان کا سفر کیا: وزارت خارجہ
نئی دہلی
مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں ابھرتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے درمیان ایک سینئر سرکاری افسر نے بتایا کہ 12 لاکھ سے زیادہ افراد اس خطے سے ہندوستان واپس آ چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مختلف ممالک سے ہندوستان کے مختلف شہروں کے لیے باقاعدہ پروازیں جاری ہیں۔
یہ معلومات وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (خلیج) اسیم آر مہاجن نے جمعرات کو قومی دارالحکومت میں ایک بین الوزارتی بریفنگ کے دوران فراہم کیں۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر پروازوں کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور اضافی پروازیں بھی چل رہی ہیں۔ ان کے مطابق، 28 فروری کے بعد سے تقریباً 12 لاکھ 12 ہزار مسافر اس خطے سے ہندوستان کا سفر کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان حفاظتی اور آپریشنل بنیادوں پر محدود کمرشل پروازیں جاری ہیں اور آج تقریباً 110 پروازیں یو اے ای سے ہندوستان کے لیے متوقع ہیں۔ سعودی عرب اور عمان کے ہوائی اڈوں سے بھی ہندوستان کے مختلف مقامات کے لیے پروازیں چل رہی ہیں، جبکہ قطر کی فضائی حدود جزوی طور پر کھلی ہے اور قطر ایئرویز مختلف شہروں کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کویت کی فضائی حدود بند ہے، تاہم جزیرہ ایئرویز اور کویت ایئرویز سعودی عرب کے دمام ایئرپورٹ سے غیر طے شدہ کمرشل پروازیں چلا رہی ہیں۔ بحرین سے گلف ایئر بھی ہندوستان کے مختلف مقامات کے لیے پروازیں چلا رہی ہے، جبکہ عراق کی فضائی حدود کھلی ہے اور محدود پروازیں دستیاب ہیں جن کے ذریعے آگے ہندوستان کا سفر کیا جا سکتا ہے۔
مہاجن نے کہا کہ ایران کی فضائی حدود جزوی طور پر کارگو اور چارٹرڈ پروازوں کے لیے کھلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تہران میں موجود ہندوستانی سفارت خانہ آرمینیا اور آذربائیجان کے راستے ہندوستانی شہریوں کی واپسی میں مدد فراہم کر رہا ہے، اور اب تک 2,428 افراد ایران سے ان ممالک میں منتقل ہو چکے ہیں، جن میں 1,096 طلبہ اور 657 ماہی گیر شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی فضائی حدود بھی کھلی ہے اور محدود پروازیں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں، جن کے ذریعے آگے ہندوستان کا سفر ممکن ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خطے میں موجود ہندوستانی سمندری عملے کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہے، اور سفارتی مشنز انہیں ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں، جس میں مقامی حکام سے رابطہ، قونصلر خدمات اور وطن واپسی میں معاونت شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ 24 گھنٹے کام کر رہی ہے تاکہ بیرونِ ملک موجود بڑی ہندوستانی برادری کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنایا جا سکے، اور اس مقصد کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ سفارت خانے اور قونصل خانے 24 گھنٹے ہیلپ لائنز کے ذریعے شہریوں کی مدد کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف ہدایات جاری کی جا رہی ہیں جن میں سفری معلومات، قونصلر خدمات اور فلاحی اقدامات شامل ہیں۔
مہاجن نے کہا کہ سفارتی مشنز مقامی ہندوستانی برادری، تنظیموں، پیشہ ورانہ گروپس اور کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔دوسری جانب، خطے میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے ساتھ سفارتی سطح پر مسلسل رابطہ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ جنگ بندی کو برقرار رکھا جا سکے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کارولین لیویٹ نے کہا کہ امریکہ نے جنگ بندی میں توسیع کے لیے کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی، تاہم کسی مستقل معاہدے کے لیے ایران کو اپنے افزودہ یورینیم کے ذخیرے سے دستبردار ہونا ہوگا۔امریکہ نے واضح کیا ہے کہ جنگ بندی مشروط ہے اور بحری ناکہ بندی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تہران کوئی باضابطہ تجویز پیش نہیں کرتا۔
اس کے جواب میں عباس عراقچی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے بحری پابندیوں کو "جنگی اقدام" قرار دیا اور خبردار کیا کہ ایران کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔