اسامہ برقع پہن کر افغانستان سے بھاگا: سابق سی آئی اے افسر کا دعویٰ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-10-2025
اسامہ برقع پہن کر افغانستان سے بھاگا: سابق سی آئی اے افسر کا دعویٰ
اسامہ برقع پہن کر افغانستان سے بھاگا: سابق سی آئی اے افسر کا دعویٰ

 



واشنگٹن: امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق افسر جان کیریاکو نے ایک حیران کن انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خونی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے بانی اور ایک وقت میں امریکہ کا سب سے مطلوب دہشت گرد اسامہ بن لادن افغانستان کی تورا بورا کی پہاڑیوں سے عورت کے بھیس میں پاکستان فرار ہو گیا تھا۔

نیوز ایجنسی ANI کے ساتھ گفتگو میں جان کیریاکو نے کہا کہ امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر کے مترجم دراصل القاعدہ کا آپریٹو تھا اور اسی نے اسامہ بن لادن کو فرار ہونے میں مدد کی۔ سابق سی آئی اے افسر نے بتایا کہ کس طرح اسامہ بن لادن نے اپنا چہرہ چھپا کر فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ کیریاکو نے کہا: "ہمیں معلوم نہیں تھا کہ ہمارے سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر کا مترجم القاعدہ کا دہشت گرد تھا، جس نے امریکی فوج میں گھس کر جگہ بنا لی تھی۔

جب ہمیں پتہ چلا کہ لادن گھیر لیے گئے ہیں، تو ہم نے اسے اسی مترجم کے ذریعے پہاڑیوں سے نیچے آنے کو کہا۔ اس پر القاعدہ کی طرف سے خواتین اور بچوں کو محفوظ نکلنے دینے اور صبح تک ہتھیار ڈالنے کا وقت دینے کی درخواست کی گئی۔ اس مترجم نے ہمارے کمانڈر کو اس کے لیے قائل کر لیا، لیکن اس دوران لادن نے اندھیرے کا فائدہ اٹھایا اور عورت کے بھیس میں برقع میں چھپ کر وہاں سے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی اور پاکستان پہنچ گئے۔"

سابق سی آئی اے افسر نے بتایا کہ جب دن نکلا تو ہمیں پتہ چلا کہ تورا بورا کی پہاڑیوں میں کوئی نہیں تھا۔ تمام دہشت گرد فرار ہو چکے تھے۔ اس لیے ہم نے اپنی لڑائی پاکستان میں لڑنے کا فیصلہ کیا۔ امریکہ نے بعد میں 2011 میں 9/11 کے دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن کو پاکستان کے ایبٹ آباد میں ایک آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا، جس کے بعد پاکستان اور دہشت گردوں کے تعلقات پوری دنیا کے سامنے آشکار ہوئے۔

جان کیریاکو نے مزید کہا کہ جب وہ 2002 میں پاکستان میں سی آئی اے کے دہشت گردی مخالف آپریشنز کے سربراہ کے طور پر تعینات تھے، تو انہیں باضابطہ طور پر بتایا گیا کہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول پینٹاگون کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرف نے خوف کے باعث یہ کنٹرول امریکہ کو دے دیا تھا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ پچھلے دو دہائیوں میں پاکستانی فوج نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے۔ کیریاکو نے کہا کہ اگر اب پاکستانی فوج کے پاس جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول ہے، تو یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔