کولمبو، سری لنکا: سائیکلون دیتواہ سے شدید تباہی کے بعد بھارت آپریشن ساگر بندھو کے تحت سری لنکا میں ریسکیو، طبی امداد اور ریلیف سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس آفت میں جزیرے بھر میں 400 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
سڑکوں کی رسائی بحال کرنے کے لئے جمعرات کو بھارتی فضائیہ کا ایک اور سی۔17 گلوب ماسٹر کولمبو پہنچا جس میں بیلی برج کے پرزے لائے گئے تھے۔ 25 رکنی بھارتی ٹیم، جس میں انجینئر اور طبی ماہرین شامل ہیں، بھی اسی طیارے سے سری لنکا پہنچی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر یہ اطلاع دی۔
یہ دوسرا سی۔17 طیارہ ہے جو بیلی برج کا سامان لے کر سری لنکا پہنچا ہے۔ ادھر بھارتی فیلڈ انجینئرز، جو بدھ کی رات کولمبو پہنچے تھے، سائیکلون سے متاثرہ اہم شاہراہوں کی بحالی کا کام شروع کر چکے ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق انجینئرز جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی جائزے کے بعد ان راستوں کی مرمت میں مصروف ہیں جن کی بندش کے باعث متاثرہ برادریوں تک رسائی منقطع ہو گئی تھی۔
ساتھ ہی بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کوٹمالے کے قریب ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت مند لوگوں کو فوری مدد فراہم کر رہے ہیں۔
سائیکلون دیتواہ 28 نومبر کو سری لنکا میں داخل ہوا جس کے نتیجے میں ملک بھر میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور کئی اضلاع میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔ بھارت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے آپریشن ساگر بندھو کے ذریعے ہنگامی امداد، خوراک، طبی سہولیات، ریسکیو مدد اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچانا شروع کیا۔
قبل ازیں سری لنکا کی ہائی کمشنر ماہشینی کولون نے کہا کہ اس سائیکلون میں 400 سے زائد افراد جان سے گئے ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بھارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سب سے پہلے مدد کے لئے پہنچا ہے۔ سونامی ہو یا معاشی بحران یا اب یہ سائیکلون، بھارت نے ہمیشہ سری لنکا کا ساتھ دیا ہے۔
بھارت کی تیز اور وسیع امدادی کوششیں اس کی اپنے ہمسایہ ممالک کی مدد کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں جو اس کی "پڑوسی پہلے" پالیسی اور مہا ساگر وژن سے جڑی ہیں۔