آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ۔ ایک ہندوستانی ہلاک۔ 6 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-07-2026
آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ۔ متحدہ عرب امارات کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک ہندوستانی ہلاک۔ 6 زخمی
آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ۔ متحدہ عرب امارات کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک ہندوستانی ہلاک۔ 6 زخمی

 



ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے منگل کو کہا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی بحری راستے میں عمان کی سمندری حدود کے اندر سفر کے دوران امارات کے دو قومی آئل ٹینکروں مومباسا اور البحیہ کو ایران کے دو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

وزارت دفاع کے مطابق حملے میں مومباسا ٹینکر پر موجود ایک ہندوستانی عملہ رکن ہلاک ہوگیا جبکہ مجموعی طور پر آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 6 ہندوستانی اور 2 یوکرینی شہری شامل ہیں۔ ان میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ میزائل حملے کے نتیجے میں دونوں ٹینکروں میں آگ بھڑک اٹھی جس سے انہیں مادی نقصان پہنچا تاہم بعد میں آگ پر قابو پالیا گیا۔

متحدہ عرب امارات نے اس حملے کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اپنی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ حکومت نے اپنی دفاعی تیاریوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہندوستانی شہری کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت و عوامِ ہندوستان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزارت نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا اور آبنائے ہرمز کو "اقتصادی دباؤ" یا "بلیک میلنگ" کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بحری قزاقی کے مترادف ہے اور یہ خطے کے امن۔ عوام اور عالمی توانائی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔

امارات نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے بلا اشتعال حملے فوری طور پر بند کرے۔ تمام فوجی کارروائیاں ختم کرے اور آبنائے ہرمز کو مکمل اور غیر مشروط طور پر بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولے تاکہ علاقائی سلامتی اور عالمی تجارت و معیشت کا استحکام برقرار رہ سکے۔

یہ پیش رفت امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ کشیدگی بڑھنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کیے جانے کے بعد امریکہ نے ایران میں 140 مقامات پر جوابی حملے کیے تھے۔

اسی دوران امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ منگل کی شام سے ایران کی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والی بحری آمدورفت کی ناکہ بندی دوبارہ شروع کی جائے گی۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی صرف ایران اور تہران کے ساتھ کاروبار کرنے والوں پر لاگو ہوگی جبکہ دیگر ممالک کے جہازوں کو اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے کی اجازت برقرار رہے گی۔