جرمنی : عمر شریف اسپتال میں ۔بیگم پولیس اسٹیشن میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-09-2021
جرمنی میں رکنا پڑا
جرمنی میں رکنا پڑا

 

 

پاکستانسے علاج کے لیے امریکا روانہ کیے گئے معروف پاکستانی اداکار عمر شریف کو جرمنی میں مزید طبی معائنے اور ریسٹ کے لیے اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق کراچی سے ایئر ایمبولینس میں روانگی کے بعد سوا سات گھنٹے کے مسلسل ہوائی سفر کے دوران عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہوگیا تھا۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے  مطابق کمپنی سے رابطے کے بعد انہیں رات کے لیے نیورمبرگ جرمنی کے اسپتال میں قیام کرایا گیا ہے۔

جہاں کامیڈین عمر شریف کا میڈیکل چیک اپ اور تازہ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات ایئر ایمبولینس کمپنی کر رہی ہے، ڈاکٹرز مجھ سے رابطے میں ہیں۔ ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لے کر جرمنی سے بدھ کی صبح آئس لینڈ کے لئے روانہ ہوگی۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی صحت ٹھیک ہے۔ ان کی اہلیہ زریں غزل نے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

رومنامہ ’جنگ‘ کے مطابق عمر شریف کے ہمراہ ایئر ایمبولینس میں امریکا کا سفر کرنے والی ان کی اہلیہ زریں غزل کو جرمنی میں اسٹاپ اوور کے دوران کم از کم 4 گھنٹے نیورمبرگ ایئرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارنے پڑے۔ ایئر ایمبولینس کو کراچی سے روانگی کے بعد جرمنی کے نیورمبرگ ایئر پورٹ پر پہلا اسٹاپ اوور کرنا تھا۔ امریکا میں ان کے ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق طویل سفر کے دوران عمر شریف کو بخار اور تھکاوٹ ہوجانے کی وجہ سے کمپنی نے اسٹاپ اوور طویل کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید طبی معائنے کیلئے ایئر ایمبولینس کمپنی نے عمر شریف کو نیورمبرگ کے اسپتال میں داخل کیا۔ ایئر ایمبولینس میں عمر شریف کی ہمسفر ان کی اہلیہ زریں غزل کے پاس جرمنی کا ویزہ نہیں تھا، جس کی وجہ سے وہ ایئرپورٹ سے باہر نہیں جاسکتی تھیں اور اپنے شوہر کی اسپتال میں نگہداشت نہیں کر پا رہی تھیں۔

انہیں ہنگامی ویزے کی ضرورت پڑی تو انہیں پولیس سے رجوع کرنا پڑا۔ ویزا کے حصول کے طویل پراسیس کے دوران زریں غزل نے لگ بھگ 4 گھنٹے نیورمبرگ ایئرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارے۔ ضابطے کی طویل کارروائی کے بعد زریں کو جرمنی کا ہنگامی ویزا ملا تو وہ اپنے شوہر کے پاس اسپتال پہنچیں۔  زریں غزل نے بتایا کہ ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لے کر بدھ کی صبح اگلی منزل آئس لینڈ کیلئے روانہ ہوگی۔