عمان، ہندوستان تاریخی تجارتی تعلقات: وزیر تجارت قیس بن محمد الیوسف

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-12-2025
عمان، ہندوستان تاریخی تجارتی تعلقات: وزیر تجارت قیس بن محمد الیوسف
عمان، ہندوستان تاریخی تجارتی تعلقات: وزیر تجارت قیس بن محمد الیوسف

 



مسقط۔:عمان اور ہندستان کے درمیان تاریخی تجارتی تعلقات اور تعاون قائم ہیں۔ یہ بات عمان کے وزیر تجارت صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ قیس بن محمد الیوسف نے کہی۔ انہوں نے یہ بات انڈیا عمان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ہندستان اور عمان کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے پر دستخط کی تیاری ہو رہی ہے۔ وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد قدیم وراثت پر ہے اور یہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

ہندستانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کی یہاں موجودگی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستانی نمائندوں کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتے ہوئے روابط کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ عمان اور ہندستان کے درمیان تاریخی تجارتی تعلقات اور تعاون رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شراکت داری صرف معاشی لین دین تک محدود نہیں بلکہ ہماری گہری تہذیبی وراثت اور مستقبل سے بھی جڑی ہوئی ہے۔

فورم میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے شرکت کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی انڈیا عمان بزنس فورم سے خطاب کیا۔ انہوں نے گزشتہ 11 برسوں میں ہندستان میں کی گئی اصلاحات کا ذکر کیا جن کی بدولت ہندستان دنیا کی سب سے مسابقتی منڈیوں میں شامل ہو گیا ہے۔

انہوں نے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری میں نیا اعتماد پیدا کرے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سربراہی ملاقات ہندستان اور عمان کی شراکت داری کو نئی سمت اور رفتار دے گی اور اسے نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں ہندستان نے صرف پالیسیاں نہیں بدلیں بلکہ اپنی اقتصادی ساخت کو بھی تبدیل کیا ہے۔

انہوں نے دیوالیہ پن اور افلاس ضابطہ اور جی ایس ٹی جیسے اقدامات کا ذکر کیا جنہوں نے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی نے پورے ہندستان کو ایک متحد اور یکساں منڈی میں تبدیل کر دیا۔ دیوالیہ پن اور افلاس ضابطے نے مالی نظم و ضبط قائم کیا شفافیت کو فروغ دیا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا۔وزیر اعظم مودی بدھ کے روز دو روزہ دورے پر مسقط عمان پہنچے۔ یہ ان کے تین ملکی دورے کا آخری مرحلہ تھا۔ وہ عمان پہنچنے سے قبل اردن اور ایتھوپیا کے کامیاب دورے مکمل کر چکے تھے۔

دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسقط ہوائی اڈے پر عمان کے نائب وزیر اعظم برائے دفاعی امور سید شہاب بن طارق آل سعید نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جو اس دورے کو دی جانے والی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔وزیر اعظم مودی نے عمان میں مقیم ہندستانیوں کے جوش و جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ دو روزہ دورہ سلطان ہیثم بن طارق کی دعوت پر ہو رہا ہے اور اس کا مقصد اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس دوران وزیر اعظم عمانی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں خاص طور پر تجارتی اور اقتصادی تعاون پر توجہ دی جائے گی۔اسی تناظر میں ایک بڑے تجارتی معاہدے پر بات چیت کو بھی آگے بڑھائے جانے کی توقع ہے۔

دورے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہندستان میں عمان کے سفیر شیخ حمید بن علی بن سلطان المنی نے اے این آئی کو بتایا کہ وزیر اعظم مودی کا مسقط کا دورہ دو طرفہ تعلقات میں ایک نہایت اہم سنگ میل ہوگا۔ خاص طور پر اس لیے کہ دونوں ممالک اس سال سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل کر رہے ہیں۔انہوں نے وقت کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دسمبر 2023 میں سلطان ہیثم بن طارق کے ہندستانی دورے کے دو سال بعد ہو رہا ہے اور مختلف پہلوؤں سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔