نئی دہلی: وزارت تعلیم کی 2024-25 کی یونائیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن پلس (UDISE+) رپورٹ کے مطابق ملک میں پہلی بار اسکول اساتذہ کی کل تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ رپورٹ جمعرات کو جاری کی گئی۔ وزارت نے بتایا کہ اساتذہ کی مجموعی تعداد 2024-25 میں بڑھ کر 1,01,22,420 ہو گئی، جو 2023-24 میں 98,07,600 اور 2022-23 میں 94,83,294 تھی۔
وزارت نے اسے ہندوستان کی اسکولی تعلیم کی تاریخ میں ایک "اہم کامیابی" قرار دیا۔ وزارت نے کہا کہ یہ اضافہ "طالب علم-استاد کے تناسب کو بہتر بنانے، معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اور خطوں میں اساتذہ کی دستیابی کی ناہمواری کو دور کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔" رپورٹ میں ڈراپ آؤٹ کی شرح میں مسلسل کمی کو نمایاں کیا گیا۔ تیاری کے مرحلے پر ڈراپ آؤٹ کی شرح 2023-24 میں 3.7 فیصد سے گھٹ کر 2024-25 میں 2.3 فیصد رہ گئی۔
مڈل سطح پر یہ شرح 5.2 فیصد سے گھٹ کر 3.5 فیصد، جبکہ ثانوی سطح پر 10.9 فیصد سے گھٹ کر 8.2 فیصد ہو گئی۔ UDISE+ وزارت تعلیم کا ایک مرکزی اور ریئل ٹائم ڈیٹا کلیکشن نظام ہے جو 2018-19 میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ پورے ملک کے تقریباً 15 لاکھ اسکولوں میں داخلے، اساتذہ، انفراسٹرکچر اور تعلیمی اشاریوں کا احاطہ کرتا ہے اور پالیسی سازوں کے لیے منصوبہ بندی و جائزے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق طلبہ کے برقرار رہنے کی شرح میں بہتری آئی: بنیادی سطح پر 98.9 فیصد (پہلے 98 فیصد)، تیاری کے مرحلے پر 92.4 فیصد (پہلے 85.4 فیصد)، مڈل سطح پر 82.8 فیصد (پہلے 78 فیصد)، اور ثانوی سطح پر 47.2 فیصد (پہلے 45.6 فیصد)۔ وزارت نے کہا کہ ثانوی سطح پر بہتری کی ایک بڑی وجہ ثانوی تعلیم دینے والے اسکولوں کی تعداد میں اضافہ ہے۔
پیپل ٹیچر ریشو (PTR) میں بھی بہتری درج کی گئی: بنیادی سطح پر 10، تیاری کے مرحلے پر 13، مڈل سطح پر 17، اور ثانوی سطح پر 21۔ یہ سب قومی تعلیمی پالیسی میں تجویز کردہ 30:1 کے تناسب سے بہتر ہیں۔ وزارت نے کہا کہ اس سے "طلبہ کو انفرادی توجہ اور اساتذہ و طلبہ کے درمیان بہتر رابطہ" ممکن ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق گراس انرولمنٹ ریشو (GER) میں بھی اضافہ ہوا: مڈل سطح پر 89.5 فیصد سے بڑھ کر 90.3 فیصد اور ثانوی سطح پر 66.5 فیصد سے بڑھ کر 68.5 فیصد۔ اسی طرح ٹرانزیشن ریٹ میں بھی بہتری دیکھی گئی: بنیادی سے تیاری (98.6 فیصد)، تیاری سے مڈل (92.2 فیصد)، اور مڈل سے ثانوی (86.6 فیصد)۔ 2024-25 میں سنگل ٹیچر اسکولوں کی تعداد 6 فیصد کم ہو کر 1,04,125 رہ گئی، جبکہ صفر داخلے والے اسکولوں کی تعداد 38 فیصد گھٹ کر 7,993 رہ گئی۔ وزارت نے اسے "مثبت پیش رفت" قرار دیا جو اساتذہ اور وسائل کی بہتر تقسیم کو ظاہر کرتا ہے
۔ رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں بھی اضافہ ہوا: 64.7 فیصد اسکولوں میں کمپیوٹر (گزشتہ سال 57.2 فیصد) اور 63.5 فیصد میں انٹرنیٹ سہولت (گزشتہ سال 53.9 فیصد) دستیاب ہے۔ اسی طرح بنیادی سہولیات میں بھی بہتری آئی: 93.6 فیصد اسکولوں میں بجلی، 99.3 فیصد میں پینے کا پانی، 97.3 فیصد میں بچیوں کے لیے بیت الخلا، 96.2 فیصد میں لڑکوں کے لیے بیت الخلا، اور 95.9 فیصد میں ہاتھ دھونے کی سہولت موجود ہے۔
تقریباً 55 فیصد اسکول ریمپ اور ہینڈ ریل سے لیس ہیں جو شمولیتی تعلیم کی طرف قدم ہے۔ مزید یہ کہ 83 فیصد اسکولوں میں کھیل کے میدان، 89.5 فیصد میں کتب خانے، اور 29.4 فیصد میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی سہولت موجود ہے۔ رپورٹ جاری کرتے ہوئے وزارت نے کہا کہ 2024-25 کے نتائج "اساتذہ کی تعداد میں اضافہ، ڈراپ آؤٹ میں کمی، انفراسٹرکچر میں بہتری اور زیادہ شمولیتی و مساوی تعلیم کو یقینی بنانے کے اقدامات کی کامیابی" کو ظاہر کرتے ہیں۔