نئی دہلی: قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے بمسٹیک قومی سلامتی سربراہان کے پانچویں اجلاس سے قبل بدھ کے روز سری لنکا۔ تھائی لینڈ۔ بنگلہ دیش اور میانمار کے اعلیٰ حکام کے ساتھ الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے علاوہ علاقائی اور عالمی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجیت ڈوبھال نے سری لنکا کے دفاعی سیکریٹری ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ سمپتھ تھویاکونتھا سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاع۔ سلامتی اور بحری تعاون سے متعلق امور پر گفتگو کی اور علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
قومی سلامتی کے مشیر نے تھائی لینڈ کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل چیٹ چائی بانگچواڈ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سلامتی کے شعبے میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے خفیہ معلومات کے تبادلے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون۔ رابطہ کاری کے فروغ اور نئے ادارہ جاتی نظام کے قیام کے ذریعے ہند۔ تھائی لینڈ تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی۔
اجیت ڈوبھال نے میانمار کے قومی سلامتی کے مشیر یو ٹن آنگ سان سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ سلامتی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے دفاعی مشیر بریگیڈیئر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اے کے ایم شمس الاسلام سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی۔
یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب ہندوستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
بمسٹیک قومی سلامتی کے مشیروں کا پانچواں اجلاس 17 جولائی کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا جس کی میزبانی ہندوستان کر رہا ہے۔
بمسٹیک ایک اہم علاقائی تنظیم ہے جس کا قیام 6 جون 1997 کو بینکاک اعلامیے پر دستخط کے بعد عمل میں آیا تھا۔ ابتدا میں اس تنظیم کو بِسٹ ایک یعنی بنگلہ دیش۔ ہندوستان۔ سری لنکا۔ تھائی لینڈ اقتصادی تعاون کے نام سے جانا جاتا تھا۔ بعد ازاں دسمبر 1997 میں میانمار اور فروری 2004 میں بھوٹان اور نیپال کی شمولیت کے بعد اس تنظیم کا موجودہ نام بمسٹیک رکھا گیا۔ اس وقت اس تنظیم کے سات رکن ممالک ہیں۔