کم جونگ اور پوتن کریں گے چین کی فوجی پریڈ میں شرکت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2025
کم جونگ اور پوتن  کریں گے چین کی فوجی پریڈ میں شرکت
کم جونگ اور پوتن کریں گے چین کی فوجی پریڈ میں شرکت

 



سیول [جنوبی کوریا]شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن چین میں منعقد ہونے والی دوسری جنگ عظیم کے اختتام کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے، شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے۔یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے کم جونگ اُن کو اس موقع پر مدعو کیا ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے کہا کہ کم جونگ اُن جلد ہی عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کریں گے تاکہ جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی جنگ اور عالمی انسداد فاشزم کی جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شریک ہوں۔

چین 3 ستمبر کو اس دن کو مناتا ہے، جب 1945 میں جاپان کو دوسری جنگ عظیم میں شکست ہوئی تھی۔

چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق 26 غیر ملکی رہنما بیجنگ میں منعقدہ وکٹری ڈے(V-Day) کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔ تاریخی تیانانمین اسکوائر میں ہزاروں فوجی دستے مارچ کریں گے، جس کا معائنہ شی جن پنگ کریں گے۔چین کے نائب وزیر خارجہ ہونگ لی نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین شمالی کوریائی رہنما کو خوش آمدید کہتا ہے، اور چین و شمالی کوریا روایتی دوستانہ پڑوسی ہیں۔

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ ہونگ نے کہا کہ یہ پریڈ چین کے پرامن ترقی کے عزم، قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مضبوط خواہش، اور عالمی امن کے دفاع کی طاقتور صلاحیت کو ظاہر کرنے کے لیے ہے۔

انہوں نے مزید کہا چین جتنا بھی ترقی کر جائے، کبھی بالادستی حاصل کرنے، توسیع پسندی کرنے یا ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہونے کی کوشش نہیں کرے گا۔ہونگ نے کہا کہ پوٹن کی شرکت "چین-روس جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی اعلیٰ سطح" کو ظاہر کرتی ہے اور یہ بھی کہ دونوں ممالک دوسری جنگ عظیم کی فتح کے دفاع کے لیے اپنی یکجہتی اور عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، روسی بحریہ کی ڈیزل-الیکٹرک آبدوزوں اور چینی بحریہ کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایشیا-پیسیفک خطے میں مشترکہ گشت کیا ہے۔ روس کے پیسیفک فلیٹ کے مطابق روسی آبدوز وولکھوف اور ایک چینی آبدوز نے اگست کے اوائل میں یہ گشت شروع کیا، جو سی آف جاپان میں منعقدہ چین-روس مشترکہ مشق "جوائنٹ سی 2025"کے بعد عمل میں آیا۔