سیول/ آواز دی وائس
شمالی کوریا نے جمعہ کے روز اپنے مشرقی ساحل کے سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغا، جس کی تصدیق جنوبی کوریا اور جاپان دونوں نے کی ہے۔ جنوبی کوریائی فوج نے یونہاپ نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ پیونگ یانگ نے کم از کم ایک نامعلوم بیلسٹک میزائل بحرِ مشرق (ایسٹ سی) کی سمت داغا ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
جاپانی حکومت نے بھی تصدیق کی کہ شمالی کوریا نے غالباً ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔ جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائچی نے صحافیوں کو بتایا کہ میزائل بظاہر جاپان کے خصوصی معاشی زون سے باہر گرا ہے اور کسی جہاز یا طیارے کو نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ سیول میں قائم یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق، شمالی کوریا نے آخری بار 22 اکتوبر کو مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شمال مشرق کی سمت داغے تھے۔
یہ واقعہ جنوبی کوریا میں ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن سمٹ کے انعقاد اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ کوریا سے قبل پیش آیا تھا۔ اس کے علاوہ، شمالی کوریا نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ کے غیر عسکری زون کے دورے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل متعدد توپ خانے کے راکٹ بھی فائر کیے تھے ۔ وہ علاقہ جو دونوں کوریاؤں کو جدا کرتا ہے۔ اسی دوران، پیونگ یانگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ منگل کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کے خلاف جوابی اقدامات کرے گا۔
امریکی محکمہ خزانہ نے رواں ہفتے کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ اس نے آٹھ شمالی کوریائی افراد اور دو اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں، جو غیر قانونی سائبر سرگرمیوں کے ذریعے چوری کیے گئے فنڈز کی منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔ محکمہ نے کہا کہ یہ افراد "ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے ہیکرز" ہیں، جن کی غیر قانونی کارروائیاں ریجیم کے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کی مالی معاونت کے لیے کی گئیں۔ اس سے قبل، 3 نومبر کو امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی سے درخواست کرے گا کہ سات جہازوں پر پابندیاں عائد کی جائیں، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے شمالی کوریا کے کوئلے اور آئرن اوئر کو چین تک اسمگل کیا۔
شمالی کوریا اپنے میزائل اور ایٹمی پروگراموں کو اپنی حکومت پر کسی بھی ممکنہ حملے کو روکنے کے لیے ضروری دفاعی ہتھیار سمجھتا ہے۔