نئی دہلی/ آواز دی وائس
معاشیات کا نوبل انعام اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال معاشیات کا نوبل انعام جوئل موکیر، فلپ آغیون اور پیٹر ہاوِٹ کو دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال یہ انعام تین ماہرینِ معاشیات ڈیرون ایسیموگلو، سائمن جانسن اور جیمز اے رابنسن کو دیا گیا تھا، جنہوں نے اس بات پر تحقیق کی تھی کہ کچھ ممالک امیر اور دیگر غریب کیوں رہ جاتے ہیں۔ ان ماہرین نے اپنے مطالعے میں یہ ثابت کیا تھا کہ زیادہ آزاد اور کھلے معاشرے خوشحال ہونے کے امکانات زیادہ رکھتے ہیں۔
الفریڈ نوبل کی یاد میں دیا جانے والا انعام
معاشیات کا نوبل انعام باضابطہ طور پر "الفریڈ نوبل کی یاد میں معاشیات میں سویڈن کے مرکزی بینک کا انعام" کہلاتا ہے۔ سویڈن کے مرکزی بینک نے اسے 1968 میں انیسویں صدی کے سویڈن کے صنعتکار اور کیمیا دان الفریڈ نوبل کی یاد میں شروع کیا تھا، جنہوں نے ڈائنامائٹ ایجاد کیا اور پانچ نوبل انعامات کی بنیاد رکھی۔ اب تک یہ انعام 56 بار دیا جا چکا ہے اور اس کے 96 فاتحین ہو چکے ہیں۔
دیگر نوبل انعامات کا اعلان
نوبل انعامات کے ماہرین کے مطابق معاشیات کا انعام تکنیکی طور پر نوبل انعام نہیں کہلاتا، لیکن اسے ہمیشہ 10 دسمبر کو، یعنی الفریڈ نوبل کی برسی (1896) کے موقع پر دیگر نوبل انعامات کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے طب، طبیعیات، کیمیا، ادب اور امن کے شعبوں میں نوبل انعامات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔