ایران کے ایٹمی بم بنانے کے کوئی ثبوت نہیں، آئی اے ای اے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-03-2026
ایران کے ایٹمی بم بنانے کے کوئی ثبوت نہیں، آئی اے ای اے
ایران کے ایٹمی بم بنانے کے کوئی ثبوت نہیں، آئی اے ای اے

 



 ویانا۔ رافیل گروسی جو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ ہیں انہوں نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ایٹمی بم بنانے کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے تاہم اعلیٰ درجے کی افزودہ یورینیم کے بڑے ذخیرے اور معائنہ کاروں کو مکمل رسائی نہ دینے پر سنجیدہ تشویش موجود ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی رپورٹس میں مسلسل یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا لیکن تقریباً ہتھیاروں کے درجے کی افزودہ یورینیم کی بڑی مقدار اور مکمل تعاون سے انکار باعث فکر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران زیر التوا حفاظتی معاملات کے حل میں ادارے کی مدد نہیں کرے گا اس وقت تک یہ یقین دہانی ممکن نہیں کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔

اس سے قبل انہوں نے ایک نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ کسی منظم اور باقاعدہ پروگرام کے ذریعے ایٹمی ہتھیار بنانے کے شواہد نہیں ملے۔ ان کے مطابق اگرچہ افزودگی شفافیت کی کمی اور معائنوں میں رکاوٹ جیسے کئی امور تشویشناک ہیں لیکن فوری طور پر ایٹمی بم کی تیاری کا کوئی ثبوت نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک ان سرگرمیوں کو ہتھیار سازی کی سمت میں قدم سمجھ سکتے ہیں مگر ادارہ نیتوں کا اندازہ لگانے کے بجائے حقائق کا جائزہ لیتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران کو ابھی نشانہ نہ بنایا جاتا تو وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیتا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایرانی قیادت انتہا پسند ہے اور اگر ان کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتا تو وہ اسے استعمال کرتے۔

ادھر مارکو روبیو نے کہا کہ جب انتہا پسند عناصر کے پاس تباہ کن ہتھیاروں تک رسائی نہیں رہے گی تو دنیا زیادہ محفوظ ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میزائل ڈرون اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہے اور اس صلاحیت کو ختم کرنا ضروری ہے۔

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پانچویں روز میں داخل ہو چکی ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت اہم شخصیات کی ہلاکت کے بعد تہران نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنا کر جوابی کارروائیاں کی ہیں۔