ہیلسنگبورگ
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی بحری سلامتی کے حوالے سے واشنگٹن کے سخت مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے ایران پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم تجارتی راستوں میں ایران کی جارحانہ سرگرمیاں جاری سفارتی مذاکرات میں ایک “ناقابلِ قبول رکاوٹ” ہیں۔روبیو، جو اس وقت سویڈن کے شہر ہیلسنگبورگ میں موجود ہیں، نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بحری راستوں میں بلا رکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ایک بڑا مسئلہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کا مؤقف بھی ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے تہران پر الزام عائد کیا کہ وہ علاقائی شراکت داریاں بنا کر تجارتی جہاز رانی پر فیسیں عائد کرنے کے اپنے منصوبے کو “قانونی جواز” دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران “ایک ٹولنگ سسٹم بنانے کی کوشش کر رہا ہے” اور عمان کو اس نظام میں شامل کرنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔اس حکمتِ عملی کو بین الاقوامی بحری قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے روبیو نے خبردار کیا کہ مجوزہ ٹرانزٹ فیسوں کو قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک اسے قبول نہیں کرنا چاہیے۔
یہ سخت وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی وزیر خارجہ نے نیٹو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی اور تجارتی راستوں میں یکطرفہ رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جمعرات کو کہا کہ امریکی فوج مشرقِ وسطیٰ کے اہم بحری راستوں پر مکمل برتری رکھتی ہے، اور ایران کو اس کے جوہری عزائم کے حوالے سے سخت انتباہ دیا۔
وائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر رکھا ہے اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا، “ہمارے پاس آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، ہم نے اسے بند کر رکھا ہے۔ ایران کو جوہری ہتھیار نہیں ملیں گے ورنہ ہم سخت اقدام کریں گے۔
جوہری معاملہ بھی اس تنازع کا اہم پہلو ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن ایران کے انتہائی افزودہ جوہری ذخائر کو رکھنے کی اجازت نہیں دے گا، جن کے بارے میں امریکی حکام کا خیال ہے کہ وہ زیرِ زمین تنصیبات میں منتقل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسے حاصل کریں گے۔ ہمیں اس کی ضرورت نہیں، ہم اسے نہیں چاہتے۔ ہم اسے حاصل کرنے کے بعد شاید تباہ کر دیں گے، لیکن ہم انہیں یہ رکھنے نہیں دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق ایران کے پاس تقریباً 900 پاؤنڈ انتہائی افزودہ یورینیم موجود ہے، جسے ماہرین ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار سازی کے لیے کافی سمجھتے ہیں۔اس صورتحال نے بحری تجارتی راستوں کے اردگرد کشیدگی میں اضافہ کر دیا ہے، جہاں امریکی فوج اپنی سخت نگرانی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ٹرمپ نے اس کارروائی کو “100 فیصد مؤثر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک “فولادی دیوار” کی طرح ہے جو جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو روکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کا مقصد یہ ہے کہ عالمی تجارت کے اس اہم راستے پر مفت اور بلا رکاوٹ آمدورفت بحال ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسے آزاد چاہتے ہیں، ہم فیس نہیں چاہتے۔ یہ ایک بین الاقوامی آبی راستہ ہے
تاہم ایران کے اندر ان امریکی مطالبات کے خلاف سخت مزاحمت جاری ہے۔رائٹرز کے مطابق دو ایرانی ذرائع نے بتایا کہ ایران کے سپریم لیڈر نے حکم دیا ہے کہ افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ملک سے باہر نہیں جائے گا، جس سے مذاکرات میں ایک اہم امریکی شرط مسترد ہو گئی ہے۔
اسی دوران علاقائی سطح پر ثالثی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
مارکو روبیو نے پاکستان کے آرمی چیف کے ایران کے دورے کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے سفارتی پیش رفت ہو گی۔نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایران عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر فیس عائد کرنے کے منصوبے پر بات چیت کر رہا ہے، جس سے خطے میں نئی معاشی و سیاسی پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں۔
ان مذاکرات کے مطابق اس فیس سے حاصل آمدنی ایران اور عمان کے درمیان تقسیم کی جائے گی، جس سے اس اہم بحری راستے کی معاشی ساخت میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
ابتدائی طور پر تحفظات کے باوجود عمان اب اس منصوبے کے مالی فوائد کے پیش نظر اس میں دلچسپی دکھا رہا ہے۔