کھٹمنڈو (اے این آئی): پیر کو کھٹمنڈو اور نیپال کے دیگر شہروں میں نوجوانوں کے بڑے پیمانے پر احتجاج پرتشدد ہو گئے، جس میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان خونریز جھڑپوں کے بعد کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے مہلک طاقت استعمال کی جب مظاہرین رکاوٹیں توڑ کر پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ مظاہرے اس وقت شروع ہوئے جب حکومت نے فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی۔ان مظاہروں کو نیپال میں 'جنریشن زی پروٹیسٹ' کہا جا رہا ہے۔
کھٹمنڈو سے آنے والی تصاویر میں مظاہرین کو پارلیمنٹ کے دروازے توڑتے ہوئے دکھایا گیا، جب احتجاج پرتشدد ہو گیا۔
نیپال پولیس نے کہا کہ کھٹمنڈو میں احتجاج پرتشدد ہو گیا، جس میں کم از کم 9 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ مظاہرین فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے خلاف سڑکوں پر اترے، جس کے نتیجے میں پولیس اور احتجاجی کارکنوں میں جھڑپیں ہوئیں۔کھٹمنڈو ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفس نے بانیسور کے حصوں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے، جب مظاہرین نے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ مقامی انتظامیہ نے کرفیو کے علاقوں میں صدر کی رہائش گاہ شِتَل نِواس، مہاراج گنج، نائب صدر کی رہائش گاہ لائنچور، سنگھ دربار کے اطراف، وزیراعظم کی رہائش گاہ بالواٹار اور دیگر حساس مقامات شامل کیے ہیں۔
انتظامیہ نے کہا کہ کرفیو کا مقصد مزید بدامنی کو روکنا اور اہم سرکاری عمارتوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔کرفیو، چیف ڈسٹرکٹ آفیسر چھبی لال ریجال کے حکم کے تحت، دوپہر 12:30 بجے سے رات 10 بجے تک نافذ رہے گا۔ ان علاقوں میں نقل و حرکت، اجتماع یا مظاہرے مکمل طور پر ممنوع ہیں۔
ہزاروں نوجوان احتجاج میں شامل ہوئے، جنہوں نے بدعنوانی اور 26 غیر رجسٹرڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، جن میں فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ، یوٹیوب اور اسنیپ چیٹ شامل ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور کرفیو پر عمل کریں تاکہ مزید ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔
ایک مظاہر نے اے این آئی کو بتایا کہ کچھ دیر پہلے پولیس نے گولی چلائی جو مجھے نہیں لگی لیکن میرے پیچھے کھڑے دوست کو ہاتھ میں لگی۔ فائرنگ ابھی تک جاری ہے، پارلیمنٹ کے اندر سے گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ میرا دوسرا دوست سڑک پر کھڑا تھا، اسے سر میں گولی لگی۔ پولیس گھٹنوں سے اوپر نشانہ بنا کر اندھا دھند فائرنگ کر رہی ہے۔ کیا انہیں اس کی اجازت ہے؟
دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں کھٹمنڈو کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب مظاہرین ممنوعہ علاقے کی رکاوٹیں توڑ کر پارلیمنٹ کے احاطے میں داخل ہو گئے۔ پولیس نے واٹر کینن، آنسو گیس اور براہ راست فائرنگ کا استعمال کیا، جس سے کئی لوگ زخمی ہو گئے۔
'جن زی' مظاہرین نے مبینہ سرکاری بدعنوانی اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک اور مظاہر نے کہا کہ ہم پرامن احتجاج کرنے والے تھے، لیکن آگے بڑھنے پر پولیس کی جانب سے تشدد دیکھنے کو ملا۔ پولیس عوام پر فائرنگ کر رہی ہے، جو پرامن احتجاج کے خلاف ہے۔ اقتدار میں بیٹھے لوگ اپنی طاقت ہم پر مسلط نہیں کر سکتے۔ انسداد بدعنوانی کے احتجاج کو دبایا جا رہا ہے، جو آزادیٔ اظہارِ رائے کے منافی ہے۔ ہر منٹ گولیاں چل رہی ہیں اور لوگ زخمی ہو کر باہر نکالے جا رہے ہیں۔ اس مسئلے کو دنیا کی توجہ میں لایا جانا چاہیے۔
پیر کی صبح 9 بجے سے مظاہرین کھٹمنڈو کے مائتی گھار میں جمع ہوئے تاکہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرا سکیں۔ حالیہ دنوں میں 'نیپو کڈ' اور 'نیپو بیبیز' جیسے ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں، جو حکومت کی جانب سے غیر رجسٹرڈ پلیٹ فارمز کی بندش کے بعد مزید زور پکڑ گئے۔
کھٹمنڈو ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفس کے مطابق 'ہمی نیپال' نامی تنظیم نے اس ریلی کا اہتمام کیا تھا، جس کے لیے پہلے ہی اجازت لی گئی تھی۔ منتظمین سوشل میڈیا کے ذریعے احتجاجی راستوں اور حفاظتی تدابیر سے متعلق معلومات شیئر کر رہے تھے، اور انہوں نے طلبہ سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے اسکول یونیفارم اور کتابوں کے ساتھ مظاہرے میں شامل ہوں۔
ایک مظاہر نے کہاکہ یہ نیپال کی نئی نسل کا احتجاج ہے۔ ملک میں غلامی کا ایک نیا نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔ نیپالی نوجوانوں کی زندگیوں کا سودا کیا جا رہا ہے، اور اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے حکام اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تین بڑی سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں ہو رہی ہیں: سی پی این-یو ایم ایل (CPN-UML)، نیپالی کانگریس، اور ماؤسٹ سینٹر، جو اس مسئلے پر خاموش ہیں۔ انہوں نے اس سے پہلے ٹک ٹاک پر بھی پابندی لگائی تھی۔