نیتن یاہو کا دعویٰ۔ شام میں فضائی حملوں کے ذریعے ترکی کو ’’واضح پیغام‘‘ دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2026
نیتن یاہو کا دعویٰ۔ شام میں فضائی حملوں کے ذریعے ترکی کو ’’واضح پیغام‘‘ دیا
نیتن یاہو کا دعویٰ۔ شام میں فضائی حملوں کے ذریعے ترکی کو ’’واضح پیغام‘‘ دیا

 



ل ابیب:اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل نے شام میں ترکی کی مبینہ فوجی موجودگی کے منصوبے پر انقرہ کو ’’واضح پیغام‘‘ دے دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل شام میں ترکی کی فوجی موجودگی کو جنوب کی جانب بڑھنے کی اجازت نہیں دے گا۔ایک انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ ترکی کی فوجی موجودگی اسرائیل کے لیے خطرہ ہے اور اسرائیل نے یہ بات واضح کردی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل کو اطلاعات ملی تھیں کہ ترکی حلب کے قریب اپنی مقررہ لائن کے جنوب میں واقع ایک ہوائی اڈے پر اپنی موجودگی قائم کرنا چاہتا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ جب اسرائیل نے ترکی کے اس ارادے کو دیکھا تو اس نے پیغام بھیجا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا ترکی نے یہ پیغام سمجھ لیا تو انہوں نے کہا کہ پیغام پہنچ گیا تھا لیکن بظاہر ترکی نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔ اس لیے اسرائیل نے اسے مزید واضح کرنے کی کوشش کی۔نیتن یاہو کا یہ بیان اسرائیل کی جانب سے شام کے مشرقی ادلب صوبے میں واقع ابو الظهور فوجی ہوائی اڈے پر فضائی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اس سے قبل کہا تھا کہ یہ حملے حلب کے قریب ایک فضائی اڈے پر ممکنہ ترک فوجی تعیناتی سے متعلق خدشات کے باعث کیے گئے۔

ترکی نے اسرائیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان دعوؤں کا مقصد شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف اسرائیلی حملوں کو جائز قرار دینا ہے۔

ترکی کے صدارتی محکمہ مواصلات نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے پیش کیے گئے الزامات میں سنجیدگی کا فقدان ہے اور ان کا مقصد شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی غیر قانونی فضائی حملوں کو جائز قرار دینا ہے۔ترکی نے کہا کہ وہ شام میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے شامی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انقرہ نے نیتن یاہو پر خطے میں توسیع پسندانہ اور عدم استحکام پیدا کرنے والی پالیسیوں پر عمل کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

اسرائیلی حملوں پر کئی ممالک اور عالمی اداروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شام کے لیے برطانیہ کے قائم مقام خصوصی نمائندے بیری پیچ نے کہا کہ ابو الظهور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملے شام کو مزید غیر مستحکم کرنے کا خطرہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل سے شام کی خودمختاری کا احترام کرنے اور مذاکرات کی جانب واپس آنے کا مطالبہ کیا۔

اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے بھی اپنے شامی ہم منصب اسعد الشیبانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بھی ان حملوں کو شام کی علاقائی سالمیت اور فضائی حدود کی ایک اور انتہائی تشویشناک خلاف ورزی قرار دیا اور ایسے حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

شام اور عراق کے لیے امریکی خصوصی صدارتی ایلچی ٹام بارک نے بھی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’غیر ضروری کشیدگی‘‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات خطے میں استحکام کے فروغ میں معاون نہیں ہیں۔ابو الظهور فوجی ہوائی اڈے کو 4 فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ دسمبر 2024 میں سابق شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اس فوجی اڈے پر یہ پہلا رپورٹ شدہ اسرائیلی حملہ ہے۔