نیتن یاہو کا بڑا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-03-2026
نیتن یاہو کا بڑا اعلان
نیتن یاہو کا بڑا اعلان

 



یروشلم
وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے منگل کے روز کہا کہ اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر اس لیے حملہ کیا کیونکہ تہران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کر دیا تھا اور چند ہی مہینوں میں وہ اسے ناقابلِ رسائی بنا دیتا۔
نیتن یاہو نےانٹرویو میں کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی فوری طور پر ضروری تھی، کیونکہ تہران اپنے میزائل اور جوہری پروگرام کو حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے نئی زیرِ زمین تنصیبات اور بنکر تعمیر کر رہا تھا۔انہوں نے کہا كہ انہوں نے نئی جگہیں اور زیرِ زمین بنکر بنانے شروع کر دیے تھے، جو چند مہینوں میں ان کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور ایٹمی بم کے منصوبے کو ناقابلِ اثر بنا دیتے۔ اگر اب کارروائی نہ کی جاتی تو آئندہ کبھی بھی کارروائی ممکن نہ ہوتی۔
اسرائیلی وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ سال جون میں 12 روزہ جنگ کے دوران جب اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو نشانہ بنایا، اس کے بعد ایران نے نئی زیرِ زمین تنصیبات کی تعمیر شروع کر دی تھی تاکہ اپنے پروگرام کو محفوظ بنا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا كہ اگر ابھی قدم نہ اٹھایا جاتا تو مستقبل میں کوئی اقدام ممکن نہیں رہتا۔یہ بیان گزشتہ سال نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں کے برعکس ہے۔ اسرائیلی رہنما نے اس وقت کہا تھا کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف "تاریخی فتح" حاصل کی ہے جو نسلوں تک قائم رہے گی، جبکہ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
تاہم ناقدین نے ان دعوؤں پر شکوک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممکن ہے ایران نے بمباری سے قبل افزودہ یورینیم کو کسی اور مقام پر منتقل کر کے محفوظ کر لیا ہو۔انٹرویو میں نیتن یاہو نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کے خلاف "لامتناہی جنگ" میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی جلد ختم ہو جائے گی  انہوں نے کہا كہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ جنگ کبھی ختم نہیں ہوگی، لیکن ایسا نہیں ہے کیونکہ ایران کی یہ دہشت گرد حکومت اپنی تاریخ کے کمزور ترین مرحلے میں ہے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ یہ "تیز اور فیصلہ کن کارروائی" ہوگی۔
اسرائیلی وزیرِاعظم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی ایران میں نظام کی تبدیلی کے حالات پیدا کرے گی۔نیتن یاہو نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے 95 فیصد مسائل کی جڑ ایران ہے اور اگر وہاں کی حکومت کا خاتمہ ہو جائے تو اسرائیل اور اس کے عرب و مسلم ہمسایہ ممالک کے درمیان امن معاہدوں کی لہر آ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائیاں "امن کے ایک ایسے دور کا آغاز کریں گی جس کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔اس الزام کے جواب میں کہ اسرائیل نے امریکہ کو جنگ میں گھسیٹا، نیتن یاہو نے ان تنقیدوں کو بے بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے کہا كہ یہ مضحکہ خیز بات ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کے مضبوط ترین رہنما ہیں۔ وہ وہی کرتے ہیں جو وہ امریکہ اور آنے والی نسلوں کے لیے درست سمجھتے ہیں، اور وہ اسلامی جمہوریہ کی جانب سے لاحق خطرات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔