نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت اتوار کو دوبارہ شروع ہو گی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-04-2026
نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت اتوار کو دوبارہ شروع ہو گی
نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت اتوار کو دوبارہ شروع ہو گی

 



تل ابیب
بنیامین نیتن یاہو کے خلاف جاری فوجداری مقدمے کی سماعت اتوار سے دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہے، جو ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث عدالتی نظام پر عائد ہنگامی پابندیوں کی وجہ سے کئی ہفتوں سے معطل تھی۔ یہ اطلاع دی یروشلم پوسٹ نے دی ہے۔
اخبار کے مطابق، ایک سرکاری عدالتی نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ سماعت صبح 9:30 بجے (مقامی وقت کے مطابق) یروشلم ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہوگی، جس میں دفاعی گواہ کی گواہی شامل ہوگی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ہنگامی اقدامات کے خاتمے کے بعد اسرائیل کا عدالتی نظام دوبارہ معمول کے مطابق کام کرنے لگا ہے۔ معمول کے شیڈول کے مطابق اتوار کو سماعتیں یروشلم میں ہوں گی، جبکہ پیر سے بدھ تک کی کارروائیاں تل ابیب ڈسٹرکٹ کورٹ میں انجام دی جائیں گی۔
سماعتوں کی معطلی اسرائیل کی وزارت انصاف کی جانب سے 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد نافذ کی گئی وسیع پابندیوں کا حصہ تھی۔ اس دوران عدالتیں "خصوصی ہنگامی" نظام کے تحت کام کر رہی تھیں، جس میں صرف ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کی جا رہی تھی۔ اس نظام کو کئی بار توسیع دی گئی اور آخری ہدایت جمعرات تک نافذ رہی۔
اب ہنگامی فریم ورک کے خاتمے کے ساتھ نیتن یاہو کا مقدمہ، اور دیگر غیر ہنگامی فوجداری و دیوانی مقدمات، دوبارہ معمول کے عدالتی کیلنڈر میں شامل ہو گئے ہیں۔یہ مقدمہ اپنی اصل حالت میں وہیں سے دوبارہ شروع ہوگا جہاں جرح کا عمل جاری تھا۔ یہ طویل بدعنوانی کیسز 1000، 2000 اور 4000 سے متعلق ہے۔ نیتن یاہو پر 2019 میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی، تاہم انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔
انہوں نے دسمبر 2024 میں گواہی دینا شروع کی تھی اور وہ پہلے اسرائیلی وزیر اعظم بنے جو اپنے عہدے پر رہتے ہوئے ایک مجرمانہ مقدمے میں بطور ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔استغاثہ نے جون 2025 میں دفاع کی جانب سے طویل جرح کے بعد ان سے سوالات کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ سماعتوں کی معطلی سے پہلے کارروائی زیادہ تر کیس 4000 پر مرکوز تھی، جسے بیزیک-والا معاملہ بھی کہا جاتا ہے اور یہ تینوں کیسز میں سب سے سنگین سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں رشوت ستانی کے الزامات شامل ہیں۔
وقفے سے قبل آخری سماعتوں میں استغاثہ نے نیتن یاہو سے بیزیک-یِس انضمام، کاروباری شخصیت شاؤل ایلووچ کے ساتھ ان کے تعلقات، اور سابق کمیونیکیشنز ڈائریکٹر جنرل شلومو فلبر کے ساتھ مبینہ "ہدایت میٹنگ" سے متعلق سوالات کیے تھے، جس الزام کی نیتن یاہو نے تردید کی ہے۔
سماعتوں کی بحالی کسی نئے مرحلے کا آغاز نہیں بلکہ جاری مقدمے کا تسلسل ہے، جو اسرائیل کے سب سے نمایاں قانونی معاملات میں سے ایک ہے اور جس میں سیاسی حالات اور جاری تنازعات کی وجہ سے بار بار تاخیر ہوتی رہی ہے۔