نیپال کے وزیر اعظم کی امن اور تحمل کی اپیل۔ پرتشدد واقعات میں ابتک تین ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-07-2026
نیپال کے وزیر اعظم کی امن اور تحمل کی اپیل۔ پرتشدد واقعات میں ابتک تین ہلاک
نیپال کے وزیر اعظم کی امن اور تحمل کی اپیل۔ پرتشدد واقعات میں ابتک تین ہلاک

 



کٹھمنڈو۔ نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ نے جنوبی میدانی علاقوں میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں کم از کم تین افراد کی ہلاکت کے بعد جمعرات کو عوام سے اتحاد۔ تحمل اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔تشدد شروع ہونے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں وزیر اعظم نے دیوان گنج ضلع سنسری کے افسوسناک واقعے۔ ضلع سرہا میں پیش آنے والے حالات اور دیگر اضلاع تک پھیلنے والی بے چینی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے کو پوری سنجیدگی اور حساسیت کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند روز قبل دیوان گنج۔ سنسری۔ سرہا اور دیگر علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر حکومت پوری طرح سنجیدہ ہے۔وزیر اعظم نے جاں بحق افراد جے پرکاش مہتا۔ اوم پرکاش مہتا اور گنیش یادو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ طبی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کمی یا تاخیر نہ ہو۔

سنسری ضلع میں کشیدگی کا آغاز اتوار کی رات دیوان گنج دیہی بلدیہ کے وارڈ نمبر 3 میں اس وقت ہوا جب سبت کوشی دریا کے لیے بول بَم یاترا کی تیاریوں کے دوران بلند آواز میں موسیقی بجانے کے معاملے پر مقامی گروپوں کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا۔یہ تنازع جلد ہی پتھراؤ اور پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہوگیا جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج۔ آنسو گیس۔ ہوائی فائرنگ اور بعد ازاں مسلح پولیس فورس کی جانب سے براہ راست فائرنگ کی۔ ایک شخص موقع پر ہی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے جے پرکاش مہتا جمعرات کو دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی۔

وزیر اعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تحقیقات مکمل طور پر غیر جانبدار اور شفاف ہوں گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد تمام سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے تھے اور حالات کو معمول پر لانے۔ مزید ناخوشگوار واقعات کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے گئے۔ وزارت داخلہ نے منصفانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ حالات کو معمول پر لانے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ مرکزی سطح پر آل پارٹی اجلاس منعقد کیا گیا جبکہ مقامی نمائندوں۔ سماجی تنظیموں۔ مذہبی رہنماؤں۔ برادری کے نمائندوں اور سماجی کارکنوں سے مسلسل رابطہ رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ خود متاثرہ علاقے کا دورہ کرچکے ہیں تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے اور متاثرین سے ملاقات کے ساتھ امن و امان کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ اس کے علاوہ قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری فیصلے کیے گئے۔

تقریباً ساڑھے چار منٹ پر مشتمل اپنے ٹیلی وژن خطاب میں وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جھوٹی خبروں۔ غیر مصدقہ اطلاعات۔ افواہوں۔ نفرت انگیز مواد اور ایسے پیغامات کی تشہیر سے گریز کریں جو مختلف برادریوں کے درمیان کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ مستند معلومات پر ہی اعتماد کیا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امن کو سبوتاژ کرنے۔ انتشار پھیلانے یا نیپال کی رواداری اور بھائی چارے کی دیرینہ روایات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیپال کا آئین ہر شہری کو اپنے مذہب۔ ثقافت اور روایات پر عمل کرنے کا بنیادی حق دیتا ہے اور حکومت اس آئینی ذمہ داری کی تکمیل کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب معاشرے کو جوڑنے اور محبت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب تشدد۔ نفرت یا تقسیم کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ تمام مذاہب کی اصل تعلیم رحم۔ محبت۔ ہمدردی اور امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک حصے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی بنیاد پر پوری برادری کو مورد الزام ٹھہرانا اور دوسرے علاقوں میں انتقام کی آگ بھڑکانا کسی بھی اعتبار سے درست نہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر جس کا ایک حصہ نیپالی اور میتھلی زبان میں بھی پیش کیا گیا وزیر اعظم نے عوام سے قومی اتحاد کو مضبوط بنانے اور امن کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ نیپال کی تاریخ گواہ ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی اتحاد۔ رواداری اور اجتماعی شعور ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت رہے ہیں۔ انہوں نے تمام شہریوں۔ سماجی تنظیموں۔ مذہبی برادریوں۔ سیاسی جماعتوں۔ ذمہ دار رہنماؤں اور ذرائع ابلاغ سے صبر۔ تحمل۔ بھائی چارے۔ سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔یہ اپیل ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سنسری۔ سرہا۔ جنک پور اور پارسا اضلاع میں کرفیو۔ دفعہ نافذ کرنے جیسے پابندی والے احکامات اور سیکیورٹی کی سخت تعیناتی جاری ہے۔ اتوار سے شروع ہونے والے احتجاج اور کشیدگی نے پورے خطے میں فرقہ وارانہ تناؤ کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔