نیپال کے وزیر اعظم سے ہندوستانی سفیر کی ملاقات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2026
نیپال کے وزیر اعظم سے ہندوستانی  سفیر کی ملاقات
نیپال کے وزیر اعظم سے ہندوستانی سفیر کی ملاقات

 



کھٹمنڈو۔ نیپال میں بھارت کے سفیر نوین سریواستو نے پیر کو نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ سے ملاقات کی۔ مارچ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد شاہ کی کسی غیر ملکی سفیر کے ساتھ یہ پہلی ملاقات تھی۔ یہ ملاقات وزیر اعظم کی جانب سے مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں کے ساتھ براہ راست ملاقاتوں کے سلسلے کا آغاز ہے اور اسے ان کی ون ٹو ون سفارت کاری کی جانب واضح قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی سفیر نوین سریواستو نے سنگھ دربار میں نیپال کی کابینہ کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ بھارتی سفیر اور نیپال کے وزیر اعظم کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔نیپال کے وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ملاقات میں نیپال اور بھارت کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں دو طرفہ دوستی۔ باہمی مفادات۔ ترقیاتی شراکت داری اور جاری تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سفیر نوین سریواستو نے وزیر اعظم بالیندر شاہ کو نیک خواہشات پیش کیں اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھارت کے عزم کا اعادہ کیا۔اس کے جواب میں وزیر اعظم شاہ نے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

مارچ میں عہدہ سنبھالنے کے تقریباً 4 ماہ بعد کسی غیر ملکی سفارت کار کے ساتھ شاہ کی یہ پہلی بالمشافہ دو طرفہ ملاقات ہے۔ اس سے قبل شاہ سفیروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے بجائے اجتماعی ملاقاتوں کو ترجیح دیتے رہے تھے۔سریواستو سے ملاقات کے بعد شاہ آج چینی سفیر ژانگ ماؤ منگ کے ساتھ بھی الگ ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد کل امریکی ناظم الامور اسکاٹ اربوم سے ملاقات مقرر ہے۔

وزیر اعظم کے قریبی ذرائع کے مطابق ان اعلیٰ سطحی سفارتی ملاقاتوں کی تیاریاں کئی ہفتے پہلے مکمل کرلی گئی تھیں تاہم سونسری میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کے بعد ان میں مختصر تاخیر ہوئی۔نیپال بھارت کے سب سے بڑے اور اہم ترقیاتی شراکت داروں میں شامل ہے۔ نیپال میں جدید بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے بھارت اور نیپال کے درمیان تعاون کا آغاز 1951 میں ہوا تھا۔ اس سلسلے میں کھٹمنڈو میں گوچر ہوائی اڈے کی تعمیر شروع کی گئی جو 1954 میں مکمل ہوئی۔

نیپال میں بھارتی امدادی مشن بھی 1954 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد رابطہ کاری۔ صحت۔ تعلیم۔ بجلی اور دیگر شعبوں میں بھارت کی جانب سے شروع کیے جانے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں تعاون اور رابطہ کاری کرنا تھا۔گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران بھارت اور نیپال کے درمیان ترقیاتی تعاون میں وسعت اور تنوع آیا ہے۔ اب یہ تعاون صحت۔ تعلیم۔ بجلی۔ محفوظات۔ آثار قدیمہ۔ رابطہ کاری۔ تجارت۔ زراعت۔ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور صلاحیت سازی سمیت متعدد شعبوں تک پھیل چکا ہے۔ان منصوبوں کا انتخاب نیپال کی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے اور یہ ملک کے مختلف علاقوں میں نافذ کیے جا رہے ہیں۔