نیپال: سیلاب سے جاں بحق ہندوستانی شہریوں کی لاشوں کی شناخت کے لیے ہدایات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2026
نیپال: سیلاب سے جاں بحق ہندوستانی شہریوں کی لاشوں کی شناخت کے لیے ہدایات
نیپال: سیلاب سے جاں بحق ہندوستانی شہریوں کی لاشوں کی شناخت کے لیے ہدایات

 



کٹھمنڈو: نیپال میں ہندوستانی سفارتخانے نے 26 اگست کو آنے والے تباہ کن سیلاب میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانی شہریوں کی باقیات کی شناخت کے لیے طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ سفارتخانے نے متاثرین کے رشتہ داروں سے کہا ہے کہ وہ تصاویر کے ذریعے شناخت میں مدد کریں یا ڈی این اے پروفائل فراہم کریں۔ سفارتخانے کے مطابق متاثرین کے اہل خانہ نیپال پولیس کی ویب سائٹ پر موجود تصاویر اور متوفی کی تفصیلات کی مدد سے باقیات کی شناخت کر سکتے ہیں۔

شناخت کے بعد ہندوستانی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطہ کرکے باقیات کو ہندوستان واپس لانے کے عمل میں تعاون کرے گا۔ سفارتخانے نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ نیپال حکومت کے مطابق غیر ملکی شہریوں کی باقیات حوالے کرنے کے لیے باقیات کی دستاویزات، تصاویر اور تفصیلات کا ریکارڈ، پوسٹ مارٹم، موت کی وجہ کی تصدیق، باضابطہ شناخت، فنگر پرنٹ، ڈی این اے یا فرانزک نمونوں کا حصول، متوفی کے پاسپورٹ یا شناختی دستاویز کی تصدیق، سفارتخانے یا قونصلر سطح پر رابطہ اور باقیات حوالے کرنے سے متعلق دستاویزات مکمل کرنا ضروری ہوگا۔

سفارتخانے نے کہا کہ اگر اہل خانہ نیپال پولیس کی ویب سائٹ پر موجود تصاویر اور متوفی کی تفصیلات سے باقیات کی شناخت کر لیتے ہیں تو ہندوستانی سفارتخانہ کٹھمنڈو مقامی حکام کے ساتھ رابطہ کرکے باقیات ہندوستان منتقل کرنے میں مدد کرے گا۔ نیپال حکومت نے صحت عامہ کے خطرات سے بچنے کے لیے بڑی تعداد میں باقیات کو عارضی طور پر دفن کیا ہے۔

ایسی باقیات کی شناخت کے لیے قریبی رشتہ داروں کے ڈی این اے سے میچنگ ضروری ہوگی۔ اگر باقیات عارضی طور پر دفن کی گئی ہیں تو اہل خانہ ڈی این اے پروفائل یا خون کے نمونے فراہم کر سکتے ہیں۔ سفارتخانے کے مطابق جن معاملات میں شناخت ممکن نہ ہو یا باقیات عارضی طور پر دفن کر دی گئی ہوں، نیپال حکومت ڈی این اے میچنگ کی سہولت فراہم کرے گی۔ نیپالی حکام باقیات سے ڈی این اے نمونے حاصل کرکے ان کے پروفائل تیار کر رہے ہیں۔ ڈی این اے میچنگ کے لیے متوفی کے فرسٹ ڈگری رشتہ دار اپنا ڈی این اے پروفائل ای میل کے ذریعے [email protected] پر بھیج سکتے ہیں یا خون کے نمونے فراہم کر سکتے ہیں۔

ہندوستانی سفارتخانے سے تعاون کے لیے فرسٹ ڈگری رشتہ داروں کے ڈی این اے پروفائل کی کاپی [email protected] پر بھی بھیجی جا سکتی ہے۔ ڈی این اے پروفائلنگ سے متعلق مزید معلومات نیپال پولیس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ نیپال پولیس کی ہیلپ لائن نمبر +977 9841 6160 95 بھی جاری کیا گیا ہے۔ 26 اگست کو رسووا میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں اب تک 939 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ چتوان سے 279، نوالپراسی ایسٹ سے 216، نوالپراسی ویسٹ سے 168، گورکھا سے 65، دھادنگ سے 55، تنہون سے 38 اور رسووا سے 23 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (NDRRMA) کے مطابق 3,925 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جن میں 592 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔