نیپال میں سیلاب: غیر ملکی شہری سمیت 2 افراد زندہ بچا لیے گئے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2026
نیپال میں سیلاب: غیر ملکی شہری سمیت 2 افراد زندہ بچا لیے گئے
نیپال میں سیلاب: غیر ملکی شہری سمیت 2 افراد زندہ بچا لیے گئے

 



کٹھمنڈو: نیپال میں بھوٹے کوشی کے اچانک آنے والے سیلاب کو 10 دن گزرنے کے بعد اپر تریشولی 1 کے سرنگ سے ایک غیر ملکی شہری کو زندہ نکال لیا گیا۔ اسی دوران نوواکوت سے ایک خاتون کو بھی بحفاظت بچا لیا گیا۔نیپالی فوج اور پولیس نے سماجی رابطے کی ویب گاہ ایکس پر جاری پیغامات میں اس کی اطلاع دی۔ فوج کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کو سرنگ سے باہر نکال کر ایک ہیلی کاپٹر تک پہنچایا گیا جہاں طبی عملے نے اس کی جسمانی کیفیت کا جائزہ لیا۔دریں اثنا نیپال پولیس نے بتایا کہ نیپال پولیس اور مسلح پولیس فورس نیپال کی مشترکہ ٹیم نے نوواکوت ضلع کے ویدور علاقے میں بیتراوتی 10 سے ایک خاتون کو کامیابی سے زندہ بچا لیا۔

امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ نیپال پولیس نے نوواکوت میں قائم عارضی طبی مرکز کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جہاں ڈی این اے جانچ کے لیے نمونے جمع کرنے کا مرکز قائم کیا گیا ہے۔ہفتے کے روز 2 افراد کو زندہ بچائے جانے سے ایک روز قبل جمعہ کو تریشولی 3 اے پن بجلی منصوبے کی ایک سرنگ سے بھی 2 افراد کو زندہ نکالا گیا تھا۔ کاٹھمنڈو پوسٹ نے راشٹریہ سوتنتر پارٹی کے رکن پارلیمان شری رام نیوپانے کے حوالے سے بتایا کہ ان دونوں کی شناخت سنجے ساہ کے طور پر ہوئی ہے جو مشینی شعبے کے نگران ہیں جبکہ دوسرے کی شناخت کبیر مہرجن کے طور پر ہوئی ہے جو مشینی شعبے کے نگران اعلیٰ ہیں۔

نیپال میں تباہ کن اچانک سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 1344 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس کے بعد نیپالی فوج اور بین الاقوامی امدادی ٹیمیں ہمالیائی ملک کے ان علاقوں تک پہنچنے کے لیے بڑے پیمانے پر انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔نوواکوت ضلع میں فوجی انجینئرنگ یونٹ تادی دریا پر ایک عارضی رسی کا پل تعمیر کر رہے ہیں تاکہ ان علاقوں سے زمینی رابطہ بحال کیا جاسکے جو قومی شاہراہوں کے نظام سے کٹ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فضائی امدادی کارروائیاں بھی خطرناک موسمی حالات میں مسلسل جاری ہیں تاکہ امداد پہنچانے کے ساتھ پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکے۔

نیپالی فوج نے ایک اور پیغام میں بتایا کہ دیگر اداروں کے تعاون سے تقریباً 20 ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں جو شدید متاثرہ نوواکوت اور راسووا اضلاع میں تلاش بچاؤ اور امدادی سامان کی تقسیم کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔نیپال میں سیلاب: غیر ملکی شہری سمیت 2 افراد زندہ بچا لیے گئے

 

خراب موسم دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور سیلاب سے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹروں کے لیے موزوں مقامات کی قلت کے باوجود فضائی عملہ مسلسل امدادی سامان پہنچانے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائیاں انجام دے رہا ہے۔ فوجی حکام کی جانب سے جاری تصاویر میں تنگ وادیوں کے درمیان جاری ان خطرناک فضائی کارروائیوں کی جھلکیاں دیکھی جاسکتی ہیں جہاں بے گھر خاندانوں تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

نیپال میں آفات سے نمٹنے اور انسانی امداد کی کارروائیوں میں ہندوستان بھی مسلسل مدد فراہم کر رہا ہے۔ نیپال کے راسووا ضلع میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد چِلیمے سرنگ میں امدادی کارروائیوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہندوستانی سرنگ بچاؤ ٹیم نے نیپالی فوج کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے سرنگ میں جمع پانی نکالنے اور زیر زمین راستے کی مزید کھدائی کا کام کیا۔

اس مشترکہ کارروائی نے ہندوستانی ماہرین اور نیپالی دفاعی دستوں کے درمیان سرحد پار آفات سے نمٹنے اور فنی تعاون کو نمایاں کیا۔ نیپال میں ہندوستان کے سفیر نوین سریواستو نے سماجی رابطے کی ویب گاہ ایکس پر جاری پیغام میں اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان موقع پر فنی مہارت فراہم کرنے کے ساتھ متاثرہ علاقوں کے لوگوں تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے بھی نیپال کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔