نوواکوت: نیپال میں حالیہ تباہ کن اچانک سیلاب نے نوواکوت ضلع کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے دیوی گھاٹ میں مکمل تباہی مچا دی ہے۔ تیز رفتار پانی نے سڑکوں کو شدید نقصان پہنچایا، عمارتوں کو منہدم کردیا اور کئی پورے محلے کے لوگوں کو بے گھر کردیا۔ بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور لاپتہ افراد کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے نیپال ٹورزم بورڈ نے جمعرات کو بتایا کہ ٹریکنگ اور ٹریول کمپنیوں سے حاصل کیے گئے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ علاقے سے 644 مسافر لاپتہ ہیں۔ ان میں 178 ہندوستانی شہری، یوکرین کے 53 شہری، آسٹریلیا کے 35 شہری، کینیڈا کے 25 شہری اور نیپال کے 127 شہری شامل ہیں۔
حکام مقامی گائیڈز اور سکیورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے ان اعداد و شمار کی تصدیق کر رہے ہیں۔ شدید متاثرہ دیوی گھاٹ علاقے سے رپورٹنگ کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے اے این آئی کو بتایا کہ بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد صورتحال انتہائی خوفناک ہے۔ لوگوں کو سڑکیں بند ہونے اور مزید جانی نقصان کے خدشے کے درمیان اپنی جان بچانے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی رہائشی جنک بہادر نیپالی نے فوری طور پر درپیش مشکلات اور وسائل کی قلت کے بارے میں بتایا، ’’میرا گھر ڈوب گیا ہے۔ دو تین لوگوں کو چھوڑ کر گاؤں میں باقی سب محفوظ ہیں۔ ہمیں کھانے اور رہنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ فی الحال ہمیں حکومت کی جانب سے کچھ بھی نہیں ملا ہے۔‘
‘ ایک اور مقامی باشندے نے تباہی کی شدت اور لاپتہ افراد کے بارے میں بتایا، ’’دیوی گھاٹ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے۔ یہاں کے کچھ لوگ لاپتہ ہیں۔‘‘ ایک مقامی شخص نے امدادی کارروائیوں میں پیش آنے والی مشکلات اور ملبے میں دبے افراد کی تلاش کے بارے میں کہا، ’’سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اب یہاں سڑکیں نہیں ہیں۔ یہاں کیچڑ اور ملبہ جمع ہوگیا ہے۔ یہاں موجود پل بہہ گیا ہے۔
صبح یہاں سے دو لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ہمیں شبہ ہے کہ یہاں ملبے کے نیچے بہت سے لوگ دبے ہو سکتے ہیں۔‘‘ دیوی گھاٹ کا علاقہ سیلاب کے بعد تباہ شدہ گاڑیوں، منہدم عمارتوں اور مواصلاتی نظام کے ٹوٹے ہوئے رابطوں کا منظر پیش کر رہا ہے۔ مقامی باشندے اس تباہی کے بعد جمع ہونے والے بھاری کیچڑ اور ملبے کو ہٹانے کی انتہائی مشکل کوششوں میں مصروف ہیں۔ دریں اثنا، نئی دہلی میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو خارجہ سکریٹری وکرم مصری، وزارت کے سینئر حکام اور کھٹمنڈو و بیجنگ میں تعینات ہندوستانی سفارتی نمائندوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کیا
اجلاس میں پڑوسی ملک نیپال میں شدید سیلاب سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر خارجہ نے زور دیا کہ فوری سفارتی اور انتظامی ترجیحات میں آفت سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی سلامتی اور ان کے ٹھکانے کی تصدیق کرنا شامل ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا، ’’نیپال میں سیلاب کی تباہی کے حوالے سے خارجہ سکریٹری، وزارت خارجہ کی ٹیم اور کھٹمنڈو و بیجنگ میں ہمارے سفیروں کے ساتھ جائزہ اجلاس کیا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود تمام ہندوستانیوں کی صورتحال اور خیریت کا پتہ لگانے کے لیے فوری کوششیں جاری ہیں۔
‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’وزارت خارجہ اس سلسلے میں مختلف وزارتوں، ریاستی حکومتوں، ٹور آپریٹروں اور منصوبوں کے حکام کے ساتھ رابطہ کاری کر رہی ہے۔ ہم اس معاملے کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کے لیے نیپال کے حکام کے ساتھ بھی قریبی تعاون کر رہے ہیں۔‘‘ یہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس دن کے اوائل میں کیے گئے فوری اقدامات کے بعد ہوا۔ نئی دہلی نے نیپال میں مقامی امدادی کارروائیوں کو مضبوط بنانے کے لیے 37.5 ٹن ضروری انسانی امداد، اہم ادویات اور ہنگامی غذائی سامان کی دوسری کھیپ طیارے کے ذریعے کھٹمنڈو پہنچائی۔