نیپال: ہیضے کی وباء سے 3 افراد ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2025
نیپال: ہیضے کی وباء سے 3 افراد ہلاک
نیپال: ہیضے کی وباء سے 3 افراد ہلاک

 



بیرگنج [نیپال] بھارت سے متصل نیپال کے ضلع پارسا میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہیضے(Cholera) کے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک تین افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد افراد اسپتال میں داخل ہو چکے ہیں، جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔یہ وبا جنوبی میدانی علاقوں میں طویل خشک سالی کے بعد سامنے آئی ہے، جسے ماہرین اس وبا کی بڑی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ گزشتہ جمعہ سے بیرگنج میٹروپولیٹن سٹی کے اسپتالوں میں شدید اسہال کے مریضوں کی آمد شروع ہوئی، جن میں تیز رفتار ٹیسٹ کے بعد ہیضے کی تصدیق ہوئی۔

نراینی اسپتال، بیرگنج کے ڈاکٹر اُدے نرائن سنگھ نے بتایا پہلے دن ایک نجی اسپتال میں تین مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ اسی دن سرکاری نراینی اسپتال میں بھی نو مریضوں میں ہیضے کی تشخیص ہوئی۔ اس کے بعد کیسز بڑھتے گئے اور زیادہ تر مریضوں میںVibrio Cholera 01 کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ مرکزی لیب، کٹھمنڈو نے بھی اس وبا کی تصدیق کر دی ہے۔ یہی سیرو ٹائپ ہے جس نے ماضی میں بنگلہ دیش سمیت کئی ملکوں میں وبا کی شکل اختیار کی تھی۔

بیرگنج میٹروپولیٹن سٹی کے وارڈ نمبر 3، 11، 12، 13 اور 16 سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نراینی اسپتال میں اس وقت آٹھ مریض گردوں کی ناکامی اور شدید ڈی ہائیڈریشن کے باعث تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔

ہیضہ ایک انتہائی متعدی مرض ہے جو شدید اسہال اور قے کا باعث بنتا ہے، اور اگر بروقت علاج نہ ہو تو چند گھنٹوں میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ عوامی صحت کے ماہرین کے مطابق بیرگنج میں موجودہ وبا 2009 کے ججرکوٹ ہیضہ پھیلاؤ کے بعد سب سے بڑا کیس ہے، جب درجنوں افراد ہلاک اور سینکڑوں متاثر ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق اس وقت دو درجن سے زائد مریض مختلف اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہیں۔ مریضوں کی بڑی تعداد کے باعث اسپتالوں میں بستروں کی کمی پیدا ہو گئی ہے اور بعض مریضوں کو ایک ہی بستر پر اکٹھا رکھا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ مون سون کے دوران نیپال میں پانی اور خوراک سے پھیلنے والی بیماریوں، بشمول ہیضہ، کے کیسز میں اضافہ عام ہے کیونکہ بارشوں کے دوران سیلابی پانی پینے کے ذرائع کو آلودہ کر دیتا ہے۔ گزشتہ سال کٹھمنڈو، لالیت پور، کیلائی، پیوتھن، مکاونپور، رولاپا، سندھوپالچوک، اچھم اور روتہاٹ اضلاع میں 95 ہیضہ کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ان مریضوں کے نمونوں میں بھیVibrio Cholera 01 Ogawa سیرو ٹائپ کی تصدیق ہوئی تھی۔

عالمی ادارۂ صحت(WHO) کے مطابق ہیضہ عالمی سطح پر صحت عامہ کے لیے خطرہ ہے، اور اس پر قابو پانے کے لیے کثیر الجہتی حکمت عملی ضروری ہے تاکہ اموات کو کم کیا جا سکے۔