نیپال: فوج نےسنبھالا دلی بازار جیل کا کنٹرول

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-09-2025
نیپال: فوج نےسنبھالا دلی بازار جیل کا کنٹرول
نیپال: فوج نےسنبھالا دلی بازار جیل کا کنٹرول

 



کٹھمنڈو/ آواز دی وائس
کٹھمنڈو کی دلی بازار جیل کے بڑی تعداد میں قیدی بدھ کے روز جیل کے احاطے سے باہر نکل آئے اور ملک گیر بدعنوانی مخالف احتجاج کے دوران جاری ہنگاموں کے بیچ اپنی رہائی کا مطالبہ کیا۔ نیپالی فوج کو جیل کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے تاکہ مزید کشیدگی کو روکا جا سکے کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دارالحکومت میں حالات پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پولیس اہلکاروں نے، جو کئی حراستی مراکز میں سیکیورٹی کی نگرانی کر رہے تھے، پولیس ہیڈکوارٹر کے علاوہ اپنی چوکیوں سے پیچھے ہٹ گئے۔ یہ فیصلہ ملک میں دو دن سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد کیا گیا جو بنیادی طور پر جنریشن زی کے مظاہرین کی قیادت میں ہو رہے ہیں۔ پولیس کے پیچھے ہٹنے کے بعد، نیپالی فوج نے جیلوں کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھال لی ہے تاکہ بڑے پیمانے پر جیل توڑ یا پرتشدد جھڑپوں کو روکا جا سکے۔
منگل کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ملک میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مظاہرین سے مزید تشدد سے گریز کرنے کی اپیل کی اور حکام سے کہا کہ وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین پر عمل کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مظاہرے پرامن ہونے چاہئیں اور جان و مال کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اس دوران، نیپالی فوج نے کٹھمنڈو سمیت مختلف شہروں میں جاری مظاہروں کے دوران لوٹ مار، آتش زنی اور دیگر پرتشدد کارروائیوں میں ملوث 27 افراد کو گرفتار کیا۔رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاریاں منگل کی رات 10 بجے سے بدھ کی صبح 10 بجے کے درمیان کی گئیں کیونکہ ملک بھر میں فورسز کی تعیناتی کی گئی تھی تاکہ مظاہروں کو قابو میں رکھا جا سکے۔
اس سے قبل، نیپالی فوج نے ہنگاموں کے پیش نظر پابندی کے احکامات جاری کرنے اور ملک گیر کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ فوج کے محکمہ تعلقات عامہ و اطلاعات کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندی کے یہ احکامات آج شام 5 بجے تک نافذ رہیں گے۔
اس کے بعد 11 ستمبر صبح 6 بجے سے ملک گیر کرفیو نافذ ہو گا۔ فوج نے کہا کہ آئندہ فیصلے سیکیورٹی صورتحال کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔ منگل کے روز، وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے بڑھتے ہوئے احتجاج کے درمیان اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ان کے ساتھ دیگر وزراء نے بھی استعفیٰ پیش کیا۔
یہ مظاہرے 8 ستمبر کو کٹھمنڈو اور دیگر بڑے شہروں جیسے پوکھرا، بٹوال اور بیرگنج میں اس وقت شروع ہوئے جب حکومت نے ٹیکس اور سائبر سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دے کر بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کر دی تھی۔
مظاہرین ادارہ جاتی بدعنوانی اور حکومتی جانبداری کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت زیادہ جوابدہ اور شفاف ہو۔ مظاہرین سوشل میڈیا پر عائد پابندی کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ اسے آزادیٔ اظہار پر حملہ سمجھتے ہیں۔
کم از کم 19 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہو چکے ہیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے کٹھمنڈو سمیت کئی شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔