: واشنگٹن: امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کی قیادت کو منقسم اور پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ مذاکرات ایک مشکل اور طویل عمل ہوں گے۔ ان کے مطابق بات چیت کا راستہ "پیچیدہ" ہوگا اور کسی نتیجے تک پہنچنے میں وقت لگے گا، تاہم امریکہ فوجی، اقتصادی اور سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اپنے حق میں نتیجہ حاصل کرے گا۔ فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ جون میں خطے میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے طے پانے والی 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے خاتمے کے بعد ایران کے ساتھ سفارتی رابطے دوبارہ شروع ہوئے ہیں، لیکن ایرانی قیادت کے اندر اختلافات نے مذاکرات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ایرانیوں سے بات چیت انتہائی مشکل ہے۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ ان کا نظام منقسم ہے۔ ان کے اندر کچھ لوگ جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، جبکہ کچھ انتہا پسند عناصر اب بھی جنگ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔‘‘ وینس نے کہا، ’’ہماری ذمہ داری یہ ہے کہ ان حالات میں راستہ نکالیں اور امریکی عوام اور امریکہ کے صدر کے لیے بہترین نتیجہ حاصل کریں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں وقت لگے گا، لیکن انہیں یقین ہے کہ امریکہ اپنے مقاصد حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ عمل پیچیدہ ہوگا اور اس میں کچھ وقت لگے گا، لیکن آخرکار تیل کی قیمتیں کم ہوں گی اور کم ہی رہیں گی۔ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا، اور امریکہ پہلے سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہوگا۔‘‘ نائب صدر نے خبردار کیا کہ مذاکرات ابھی جاری ہیں، اس لیے ان کے نتائج کے بارے میں قبل از وقت رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی انتظامیہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے فوجی دباؤ، اقتصادی اقدامات اور سفارتی ذرائع سمیت تمام دستیاب وسائل استعمال کرتی رہے گی۔
وینس نے کہا، ’’ہم ابھی اس عمل کے درمیان ہیں اور لوگ پہلے ہی اندازے لگا رہے ہیں کہ نتیجہ کیا ہوگا۔ میں پورے اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ انجام امریکہ کے لیے مثبت ہوگا، لیکن اس کے لیے ہم اپنی تمام صلاحیتیں، خواہ وہ فوجی ہوں، اقتصادی ہوں یا سفارتی، استعمال کریں گے تاکہ مناسب حل تک پہنچا جا سکے۔‘‘
اس سے قبل منگل کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں ’’کافی پیش رفت‘‘ ہوئی ہے اور دعویٰ کیا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے خود امریکہ سے رابطہ کر کے بات چیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ لاس اینجلس سے لاس ویگاس روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’ہم بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’بہت پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا، ’براہ کرم بات چیت کریں۔‘ وہ مذاکرات چاہتے ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس کا ذکر نہیں کرتے۔ میرے خیال میں ان کے لیے معاہدہ کرنا دانشمندی ہوگی۔ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔‘
‘ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جون میں خطے میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے خاتمے کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق کسی نئے معاہدے کے امکانات پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔